News Views Events

سی پیک کے تحت جاری میگا پروجیکٹس خطے کی خوشحالی کے ضامن ہیں: ڈپٹی چیئرمین سینیٹ

0

اسلام آباد:ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی باہمی احترام، اعتماد اور مشترکہ ترقی کے اصولوں پر مبنی ہے، جو دونوں ممالک کے عوام کے لیے خوشحالی اور استحکام کی ضمانت ہے۔ دونوں ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور ان تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے سلامونہ کی جانب سے سلک روڈ کلچرل سینٹر میں منعقدہ 23 مارچ کے حوالے سے تصویری نمائش کے افتتاح کی تقریب اور افطار ڈنر میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چین کے سفیر، پاکستانی و چینی حکام، سفارتی اور سماجی شخصیات بھی شریک تھیں۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ پاک چین ثقافتی و تجارتی تعلقات دونوں ممالک کے عوام کو قریب لا رہے ہیں، اور چینی فنکاروں اور ہنرمندوں کے تبادلے سے دوستی کے اس رشتے کو مزید فروغ ملے گا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کے تحت یہ شاہراہ نہ صرف دونوں ممالک کے عوام کو قریب لا رہی ہے بلکہ خطے میں اقتصادی ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں بھی کھول رہی ہے۔ اس منصوبے کے تحت سڑکوں، پلوں، سرنگوں اور جدید انفراسٹرکچر کی تعمیر کی جا رہی ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کے تحت جاری میگا پروجیکٹس، خصوصاً گوادر پورٹ، سی پیک فیز ون اور سی پیک فیز ٹو کی اہمیت کے حوالے سے کہا کہ یہ منصوبے پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں سنگ میل ثابت ہو رہے ہیں اور ان کی کامیابی سے پورے خطے کو فائدہ پہنچے گا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہمیشہ قائم و دائم رہے گی اور دونوں ممالک اقتصادی و تجارتی میدان میں مزید تعاون کو فروغ دیں گے۔تقریب کے آخر میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے ملک کی ترقی، خوشحالی اور پاک چین دوستی کی کامیابی کے لیے دعا بھی کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.