News Views Events

ملک بھر میں ’’یوم پاکستان‘‘ ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

0

اسلام آباد: ملک بھر میں’’یوم پاکستان‘‘ ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔
دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی سے ہوا، فضا پاک فوج کے جوانوں کے اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی، مساجد میں وطن عزیز کی سالمیت اور ترقی وخوشحالی کیلئے دعائیں کی گئیں۔
یوم پاکستان کے موقع پر لاہور میں شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد ہوا، پاک فضائیہ کے دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لئے۔
تقریب میں سول اور عسکری حکام بھی شریک ہوئے، جبکہ ایئر وائس مارشل اختر عمران سدوزئی مہمان خصوصی تھے، ایئر وائس مارشل اختر عمران سدوزئی نے پریڈ کا معائنہ کیا، ایئر فورس اور رینجرز کے چاک و چوبند دستے نے انہیں سلامی دی۔
مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل اختر عمران سدوزئی نے مزار اقبال پر پھول چڑھائے و فاتحہ خوانی کی اور مزار اقبال پر مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔

صدر مملکت اور وزیراعظم کا پیغام
دوسری جانب صدر مملکت اور وزیراعظم نے تاریخی دن یوم پاکستان کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ وہ جذبہ جس نے پاکستان کو وجود بخشا، ہمیں ایک روشن مستقبل کی طرف لے جا سکتا ہے، پاکستان کو آج سیاسی ، معاشی اور سکیورٹی کے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی جیسے عفریت کا مقابلہ کر رہے ہیں، بہادر مسلح افواج مادرِ وطن کے دفاع کیلئے بڑی قربانیاں دے رہی ہیں، اپنی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کے دفاع کیلئے ثابت قدم رہیں گے، ہمارا سفر مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ گزشتہ ایک برس میں ہم نے پاکستان کی معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیا، اقتصادی اشاریوں میں بہتری کے ساتھ ہم نے اپنی معیشت کو مضبوط کیا۔
انہوں نے کہا کہ قومی اتحاد سے ہم معاشی خوشحالی حاصل کر سکتے ہیں، مسلح افواج، سکیورٹی ادارے ملکی خودمختاری اور استحکام کی حفاظت میں مصروف عمل ہیں، وطن کی حفاظت میں جانیں نچھاور کرنے والے شہداء کو سلام ہے۔

فتنتہ الخوارج اور دیگر دہشتگرد تنظیموں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے، صدر مملکت
اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ فتنتہ الخوارج اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے، دہشت گردوں کے ناسور کے خاتمے کے لیے پوری قوم مسلح افراج کے شانہ بشانہ ہے۔

یوم پاکستان تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ آج کا دن لاکھوں کی قربانیوں کی یاد تازہ کرتا ہے، آج ہم وطن کے شہد اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پاکستان کا مقصد مضبوط اور جدید اسلامی فلاحی مملکت ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاکھوں قربانیاں دے کر حاصل کی گئی آزادی کی حفاظت کرنی ہے، مادر وطن کے تحفظ اور آزادی کی حفاظت کے لیے کسی قربانی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہم نے بیرونی اور اندرونی دہشتگردی کا منہ توڑ مقابلہ کیا، اندورنی و بیرونی سازشوں کے باوجود پاکستان کی تعمیر کرتے رہیں گے۔

آصف علی زارداری نے کہا کہ ففتھ جنریشن وار فیئر ایک اہم چیلنج ہے، نوجوان نسل میں نفرت و مایوسی پھیلانے والے عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ہم باحوصلہ قوم، چیلنجز پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ یوم پاکستان کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں، کشمیری بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں۔

آصف زرداری نے کہا کہ بھارت کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہیں، دنیا کے ہر فورم پر کشمیریوں کے لیے آواز اٹھائیں گے۔

صدر مملکت نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دینا ہوگا، عالمی برادری کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے دے۔

May be an image of aircraft

Leave A Reply

Your email address will not be published.