News Views Events

صدر مملکت کا عید الفطر پرقیدیوں کی سزاؤں میں خصوصی چھوٹ کا اعلان

0

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری کا قیدیوں کی سزاؤں میں 180 روز کی خصوصی چھوٹ کا اعلان

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) —
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے یومِ پاکستان اور عید الفطر کے پُرمسرت موقع پر قیدیوں کے لیے سزاؤں میں خصوصی رعایت کا اعلان کر دیا ہے۔ اس رعایت کے تحت قیدیوں کی سزاؤں میں 180 دن (6 ماہ) کی خصوصی کمی کی جائے گی۔

ایوانِ صدر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق، صدر آصف علی زرداری نے سزاؤں میں کمی کی منظوری آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 45 کے تحت دی۔ تاہم اس کمی کا اطلاق چند جرائم میں ملوث قیدیوں پر نہیں ہوگا۔

سزا میں کمی سے مستثنیٰ جرائم:

اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ درج ذیل سنگین جرائم میں سزا یافتہ قیدی اس رعایت کے مستحق نہیں ہوں گے:

  • قتل
  • جاسوسی
  • ریاست مخالف سرگرمیاں
  • زنا
  • چوری
  • ڈکیتی
  • اغواء برائے تاوان
  • دہشت گردی
  • مالی جرائم
  • قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے جرائم
  • غیر ملکی افراد ایکٹ 1946 کے تحت سزا یافتہ افراد
  • منشیات کنٹرول (ترمیمی) ایکٹ 2022 کے تحت سزا یافتہ مجرم

رعایت کے مستحق قیدی:

صدر مملکت کے فیصلے کے تحت جن قیدیوں کو سزاؤں میں نرمی دی جائے گی، ان کی تفصیل درج ذیل ہے:

  • 65 سال سے زائد عمر کے مرد قیدی، جو اپنی ایک تہائی قید مکمل کر چکے ہوں۔
  • 60 سال سے زائد عمر کی خواتین قیدی، جو اپنی ایک تہائی قید کاٹ چکی ہوں۔
  • جیل میں اپنے بچوں کے ہمراہ موجود خواتین قیدیوں پر بھی رعایت کا اطلاق ہوگا۔
  • ایسے قیدی جو 18 سال سے کم عمر ہیں اور اپنی ایک تہائی سزا مکمل کر چکے ہوں۔

صدر مملکت کی جانب سے قیدیوں کے لیے یہ رعایت ایک فلاحی قدم کے طور پر اٹھائی گئی ہے، جس کا مقصد قیدیوں کی اصلاح اور ان کے خاندانوں کو عید اور یومِ پاکستان کے موقع پر خوشی فراہم کرنا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.