امریکی وفد کے کابل میں افغان عبوری حکومت سے مذاکرات
کابل:افغان عبوری حکومت کے قائم مقام وزیر خارجہ امیرخان متقی نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں امریکی وفد سے ملاقات کی اور فریقین نے دوطرفہ تعلقات اور قیدیوں کی رہائی پر تبادلہ خیال کیا۔
افغان عبوری حکومت کی وزارت خارجہ کے نائب ترجمان حافظ ضیاء احمد نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ امریکی وفد کی قیادت یرغمالیوں کے امور کے لیے امریکی خصوصی صدارتی ایلچی ایڈم بریل نے کی جبکہ افغانستان میں سابق امریکی سفیر اور افغانستان کے لیے امریکی حکومت کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد بھی موجود تھے۔ زلمے خلیل زاد نے اسی روز سوشل میڈیا پر کہا تھا کہ افغانستان کی عبوری حکومت نے امریکی شہری جارج گریزمین کو رہا کرنے پر اتفاق کیا جس نے کابل میں دو سال قید کے بعد اپنی آزادی حاصل کر لی۔
اگست 2021 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ کسی امریکی وفد نے افغانستان کا دورہ کیا اور افغان عبوری حکومت کے حکام سے ملاقات کی۔ جنوری میں افغان عبوری حکومت نے قطر کی ثالثی کے تحت امریکہ کے ساتھ قیدیوں کا ایک تبادلہ کیا تھا۔