عالمی برادری کی غزہ پر اسرائیل کے فضائی حملوں کی شدید مذمت
غزہ :کئی ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں نے غزہ کی پٹی پر اسرائیل کے بڑے پیمانے پر فضائی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
قطر کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی جانب سے فوجی کارروائیاں دوبارہ شروع کرنے کی شدید مذمت کی ہے، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت شہری ہلاکتیں ہوئیں اور اس اقدام کو جنگ بندی معاہدے کی صریحاً خلاف ورزی قرار دیا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی کشیدگی میں اضافے کی پالیسی پورے خطے کو خطرناک صورتحال میں دھکیل دے رہی ہے۔ قطری وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے اسرائیل کو فوری جنگ بندی پر عمل درآمد کرنے، غزہ جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرنے اور مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر مجبور کرنے کے لئے فوری بین الاقوامی کارروائی کا مطالبہ کیا۔ علاوہ ازیں عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابو غیط، پاکستان ،مصر، اردن، ایران، سعودی عرب، عراق، الجزائر، ترکیہ، فرانس، جنوبی افریقہ سمیت دیگر ممالک کی وزارت خارجہ کے ساتھ ساتھ لبنانی حزب اللہ نے بھی غزہ کی پٹی پر اسرائیل کے نئے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے بیانات جاری کیے ہیں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور عالمی برادری پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے کہ اسرائیل ہر مرحلے پر جنگ بندی معاہدے کی مکمل پاسداری کرے۔ 18 تاریخ کو عرب لیگ میں فلسطین کے مستقل مندوب مھند العکلوک نے ایک بیان میں عرب لیگ کے سیکریٹریٹ سے عرب لیگ کے لئے مستقل نمائندوں کا خصوصی اجلاس بلانے کی درخواست پیش کی۔
ادھر یمن کے حوثی باغیوں نے 18 تاریخ کی شام کو اعلان کیا کہ وہ اسرائیل کے خلاف ” اعلی ترین معیار کے اپ گریڈیشن”کے ساتھ اقدامات اُ ٹھائیں گے۔ یمنی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی فوج نے شمالی یمن کے صوبہ صعدہ، شمال مغرب میں صوبہ حجہ اور مغرب میں صوبہ حدیدہ پر 18 تاریخ کی رات سے 19 تاریخ کی علی الصبح تک فضائی حملوں کا ایک نیا سلسلہ شروع کیا۔