News Views Events

سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی طرف سے پاکستان میں افطار اور کھجوروں کی تقسیم کے پروگرام کا آغاز

0

 

اسلام آباد: خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی طرف سے پاکستان میں افطار اور کھجوروں کی تقسیم برائے سال1446 ہجری کے پروگرام کا آغاز کردیا گیا،

وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین اور سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے پروگرام کا افتتاح کیا، سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے اس موقع پر کہا کہ روزے داروں کے لیے افطار پروگرام، اور کھجوروں کی تقسیم کا پروگرام ان منصوبوں کا حصہ ہےجنہیں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے رمضان المبارک کے مہینے میں پاکستان سمیت متعدد ممالک میں شروع کرنے کی ہدایات کیں،

 

اس پروگرام کا مقصد غریب اور نادار خاندانوں، بیواؤں اور یتیموں کی دیکھ بھال کرنا، انہیں خوشی و مسرت کے مواقع فراہم کرنا اور ان کی ضروریات کو پورا کرنا اور ضروری اشیائے خورد ونوش فراہم کرتے ہوئے غریب اور انتہائی ضرورت مند خاندانوں کی تکالیف کو کم کرنے میں مؤثر طریقے سے تعاون کر کے ان کے لیے مدد کا ہاتھ بڑھانا ہے۔

سعودی سفیر نے مزید کہا کہ خادم الحرمین شریفین کا افطار پروگرام اور کھجوروں کا تحفہ رمضان کے پورے مہینے میں پاکستان کے تمام صوبوں میں منعقد کیا جائے گا، سعودی حکومت اور عوام کی جانب سے دوستی اور اخوت کی علامت بننے والے اس پروگرام کے تحت20 ٹن کھجوریں چالیس ہزار مستحق افراد کو پہنچائی جائیں گی، جبکہ افطار پروگرام سے تیس ہزار افراد مستفید ہوں گے۔

 

اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین نے خادم حرمین شریفین اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا وزیراعظم شہباز شریف، حکومت اور پاکستان کے عوام کی جانب سےسعودی مملکت کی طرف سے پاکستان میں ضرورت مندوں کی مسلسل مدد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ تحائف سعودی عرب کے عوام، اس کی حکومت، اس کی دانشمندانہ قیادت اور پاکستانی عوام کے درمیان اخوت اور خیر سگالی کے رشتے کی علامت ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.