News Views Events

وزیراعظم شہبازشریف نے رمضان پیکیج کا اعلان کردیا

0
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 20 ارب روپے کے رمضان ریلیف پیکج کا افتتاح کردیا ہے جو گزشتہ سال 7 ارب کےپیکج کے مقابلے میں 3 گنا زیادہ ہے ، پیکج کے تحت ملک بھر کے 40 لاکھ مستحق خاندانوں کو شفاف اور آسان انداز میں ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے 5ہزار روپے فی خاندان دیئے جائیں گے۔ رمضان ریلیف پیکج 2025کے اجرا ء کی تقریب ہفتہ کو منعقد ہوئی ، وزیراعظم نے بٹن دبا کر ڈیجیٹل والٹ کا افتتاح کیا۔تقریب میں وفاقی وزراءراناتنویرحسین،عطاء اللہ تارڑ،احسن اقبال ، علی پرویزملک ، شزافاطمہ خواجہ اورگورنراسٹیٹ بینک اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔تقریب میں رمضان پیکج2025کے حوالے سے خصوصی دستاویزی فلم دکھائی گئی جبکہ وزارت اطلاعات ونشریات کی طرف سے رمضان پیکج پربنائی گئی خصوصی تعارفی ویڈیوبھی دکھائی گئی۔ وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ صیام میں 40 لاکھ گھرانوں اور 2 کروڑ مستحق افراد کو ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے فی خاندان 5 ہزار روپے دینے کا انتظام کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے طبقات جو سفید پوش ہیں اور کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلاتے ان کی مدد کی جائے گی۔ اس سال تقریبا ً20 ارب روپے کی خطیر رقم اس پیکج کے لئے مختص کی گئی ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ سال یہ رقم 7 ارب روپے تھی جسے بڑھا کر 20 ارب کردیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے شفاف طریقے سے ماہ رمضان کے پہلے عشرے میں 20 ارب روپے تقسیم کر دیئے جائیں گے اور ایک دھیلے کی کرپشن کا شائبہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے چاروں اطراف میں ایک شفاف نظام کے ذریعے یہ پیکج تقسیم ہوگا جس کی مکمل نگرانی کی جائے گی۔وزیراعظم نے اس پروگرام میں تکنیکی مدد فراہم کرنے پر سٹیٹ بینک آف پاکستان ، نادرا ، بی آئی ایس پی ، وزارتوں اور ٹیک کمپنیز اور بین الاقوامی ماہرین کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے دن رات محنت کے ذریعے یہ نظام متعارف کرایا ہے۔ وزیراعظم نے وزیر خزانہ اور چوہدری امداد بوسال کا بھی شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے مدرسہ حقانیہ اکوڑہ خٹک میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے مولانا حامدالحق اور دیگر افراد کی شہادت پردلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حامد الحق کا مدرسہ دینی تعلیمات کے حوالے سے ایک اعلیٰ مقام رکھتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب اس افسوسناک واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ کے پی حکومت واقعہ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ 2018 میں دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ہو چکاتھا جس کے لئے 80 ہزار سے زائد شہریوں ، افواج پاکستان کے جوانوں، افسران ، عام شہریوں نے شہادتیں دیں لیکن حالیہ دنوں میں دہشتگردی نے دوبارہ سر اٹھایا ہے ، ماہ رمضان کی برکت اور پاکستان کے 24 کروڑ عوام کی دعائوں اور مسلح افواج کی عظیم قربانیوں کے طفیل ایک مرتبہ پھر دہشتگردی کا خاتمہ کیا جائے گا او راہم اس ناسور کو دوباہ دفن کرنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کئی سو ارب کے محصولات کے زیر التوا کیسز ہیں اور کرپشن کے ذریعے غریبوں کا پیسہ لوٹا گیا اس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روپے اور ڈالر کی قدر میں بہت فرق آ گیا تھا، ہم نے جب ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی تو لوگ عدالتوں سے حکم امتناعی لے آئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے نیا نظام بنایا ہے تاکہ اس مشکل چیلنج پر قابو پایا جاسکے اور ہم نے ونڈ فال ٹیکس کے حوالے سے نئے قانون کے تحت 500ارب روپے واپس لانے کا ہدف مقرر کیا ہے ۔ اس کی شروعات سندھ ہائی کورٹ کے حکم امتناعی ختم کرنے سے ہو گیا ہے اور گورنر سٹیٹ بینک کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو ایک ہی دن میں 23 ارب روپے بینکوں میں واپس لے کر آئے۔ چیئرمین ایف بی آر اور دیگر اداروں کا بھی کردار قابل تعریف ہے ۔ اس موقع پر وزیراعظم نے ماہ رمضان کی برکت سے ملک اور قوم کی ترقی ، سلامتی اور خوشحالی کے لئے دعا بھی کی۔قبل ازیں وفاقی وزیر صنعت وپیداوار رانا تنویر حسین نے پروگرام کے حوالے سے بریفنگ دی اور اپنے خطاب میں کہا کہ یہ پروگرام صرف 20روز میں تمام متعلقہ اداروں نے شبانہ روز محنت سےتیار کیا ہے جو ماہ رمضان میں مستحق افراد کو ریلیف فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ شفاف ترین طریقہ کار کے ذریعے 40 لاکھ مستحق خاندانوں کو ملک بھر میں ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے آسان تقسیم کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ لوگ باوقار طریقے سے یہ امداد گھر میں حاصل کر سکیں۔ مزید برآں چینی کی ارزاں نرخوں پر فراہمی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے اور تحصیل کی سطح پر شوگر ملز مالکان کی طرف سے 600 سٹالز لگائے جائیں گے جہاں چینی 130 روپے فی کلو گرام کے حساب سے فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یوٹیلٹی سٹورز کو سبسڈی فراہم کرنے کی بجائے ہدایت کی گئی ہے کہ تمام اشیائے خوردونوش مقرر قیمتوں سے 15 فیصد رعایت پر فراہم کی جائیں۔
May be an image of 8 people, dais and text
All reactions:

88

Leave A Reply

Your email address will not be published.