News Views Events

حضرو:گراں فروشی میں ملوث دکانداروں پر بھاری جرمانے عائد،باسی گوشت موقع پر تلف

0

حضرو:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن اور ڈی سی اٹک عاطف ضا کے عوامی فلاح و بہبود کے عزم کے تحت ضلع اٹک میں عوامی مسائل کے حل کیلئے حضرو میں بھی انتظامیہ متحرک، تحصیلدار فتح جنگ و پرائس کنٹرول مجسٹریٹ چوہدری شفقت محمود کا حضرو میں کریک ڈاؤن، گراں فروشوں اور ناقص صفائی کے مرتکب ہوٹل مالکان پر بھاری جرمانے، باسی گوشت موقع پر تلف۔
تحصیلدار فتح جنگ چوہدری شفقت محمود، جنہیں ایڈیشنل چارج پرائس کنٹرول مجسٹریٹ حضرو بھی دیا گیا ہے، نے مین بازار حضرو کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورانِ معائنہ جوس فروشوں، سبزی و پھل فروشوں، ہوٹلوں اور دیگر دکانوں کا جائزہ لیا گیا، جہاں گراں فروشی، ناقص معیار اور صفائی کے انتظامات پر سخت کارروائی عمل میں لائی گئی۔ گراں فروشی میں ملوث دکانداروں پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ ہوٹلوں میں ناقص صفائی اور غیر معیاری کھانے کی فروخت پر سخت کارروائی کرتے ہوئے جرمانے کیے گئے۔
دورے کے دوران باسی اور غیر معیاری گوشت بھی برآمد کیا گیا، جسے موقع پر تلف کر دیا گیا۔ چوہدری شفقت محمود نے دکانداروں کو ہدایت دی کہ سرکاری نرخ نامے کے مطابق اشیاء فروخت کریں اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کو یقینی بنائیں، بصورتِ دیگر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔چوہدری شفقت محمود نے کہا کہ تحصیل فتح جنگ کی طرح حضرو کو بھی ماڈل تحصیل بنائیں گے۔
عوامی حلقوں نے انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے گراں فروشوں اور ناقص خوراک بیچنے والوں کے خلاف مزید سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.