آسٹریلیا نے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کرلیا، انگلینڈ کو شکست
آسٹریلیا کی جانب سے بین دارشوئس نے 3، ایڈم زیمپا اور مارنس لبوشین نے دو دو جبکہ گلین میکس ویل نے ایک وکٹ لی۔
لاہور:جوش انگلس کے سامنے انگلش بولرز بےبس ہوگئے، آسٹریلوی بیٹر نے شاندار سنچری بنا کر اپنی ٹیم کو ساڑھے تین سو سے زائد کا ہدف عبور کروا کر اہم میچ میں فتح دلوادی۔
انگلینڈ نے آسٹریلیا کو جیت کےلیے 352 رنز کا ہدف دیا جو کینگروز نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 48ویں اوور میں پورا کرلیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے چیمپئنز ٹرافی کے چوتھے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کے خلاف پہلے بولنگ کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔
انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 351 رنز بنائے، بین ڈکٹ نے 165 رنز کی زبردست باری کھیلی۔
جو روٹ انگلینڈ کے دوسرے ٹاپ اسکورر تھے جنہوں نے 68 رنز بنائے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں جوز بٹلر 23، جوفرا آرچر 21، جیمی اسمتھ 15، لیام لونگسٹن 14 اور فل سالٹ نے 10 رنز کے ساتھ ٹیم کو ساڑھے تین سو تک پہنچانے میں اپنا حصہ ڈالا۔
آسٹریلیا کی جانب سے بین دارشوئس نے 3، ایڈم زیمپا اور مارنس لبوشین نے دو دو جبکہ گلین میکس ویل نے ایک وکٹ لی۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا آغاز اچھا نہ تھا، جارح مزاج بلے باز ٹریوس ہیڈ 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جبکہ کپتان اسٹیو اسمتھ 5 رنز کے مہمان ٹھہرے۔
تاہم تیسری وکٹ پر میتھیو شارٹ اور مارنس لبوشین نے 95 رنز کی شراکت بنائی۔ 122 کے مجموعے پر لبوشین 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جبکہ 136 پر 63 رنز بنانے والے شارٹ بھی میدان بدر ہوئے۔
ایسے میں پانچویں وکٹ پر جوش انگلس اور ایلکس کیری نے سنچری پارٹنرشپ بنا کر اپنی ٹیم کو جیت کی راہ پر گامزن کیا، دونوں کے درمیان 146 رنز کی پارٹنرشپ بنی۔
انگلس کے سامنے انگلش بولرز بے بس نظر آئے، انہوں نے چھٹی وکٹ پر میکسویل کے ساتھ ففٹی پارٹنرشپ بنائی۔ اس دوران انہوں نے اپنے کیریئر کی پہلی سنچری بھی بنائی۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ نے کہا کہ ہماری پریکٹس کے دوران رات کے وقت یہاں اوس پڑ رہی تھی۔
انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے کہا کہ ہم ٹاس جیت جاتے تو بیٹنگ کو ترجیح دیتے، کھلاڑی پُراعتماد ہیں، ہم اس میچ کے لیے پُرجوش ہیں۔
انگلینڈ کے اسکواڈ میں فل سالٹ، بین ڈکٹ، جیمی اسمتھ، جوروٹ، ہیری بروک، جوز بٹلر، لیام لیونگسٹن، برائیڈن کارس، جوفرا آرچر، عادل رشید اور مارک ووڈ شامل ہیں۔
آسٹریلین ٹیم کپتان اسٹیو اسمتھ، میتھیو شارٹ، ٹریوس ہیڈ، مارنس لبوشین، جوش انگلس، ایلکس کیری، گلین میکسویل، بین دارشوئس، نیتھن ایلس، ایڈم زیمپا اور اسپینسر جانسن شامل ہیں۔
چیمپئنز ٹرافی ،اسلام آبادٹریفک پولیس نے الرٹ جاری کردیا
اسلام آباد میں تین روز کے لئے ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی ہوگی ،ٹریفک پولیس نے الرٹ جاری کردیا ۔اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کو مطلع کیا ہے کہ چیمپین ٹرافی روٹ کی وجہ سے مورخہ 24, 25اور 27 فروری کو مختلف اوقات میں ٹریفک ڈائیورشن پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ مورخہ 24, 25اور 27 فروری 2025 ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کے لئے صبح 7 بجے سے 01.30 بجے رات داخلہ بند ہو گی۔
پشاور سے لاہور جانیوالی ہیوی ٹریفک براستہ ٹیکسلا موٹروے اور ترنول پھاٹک سے فتح جنگ موٹر وے استعمال کریں ۔لاہور جی ٹی روڈ سے اسلام آباد اور راولپنڈی جانیوالی ہیوی ٹریفک چک بیلی روڈ سے چکری موٹروے استعمال کریں۔ جی ٹی روڈ پشاور سے روات جانے والے شہری ٹیکسلا موٹروے، چکری، چک بیلی روڈ، روات استعمال کریں۔لاہور جی ٹی روڈ سے پشاور جانے والے شہری روات، چک بیلی روڈ چکری، ٹیکسلا موٹروے استعمال کریں۔ روٹ کے باعث سری نگر ہائی وے اور ایکسپریس وے پر ٹریفک تعطل کا شکار رہے گی،
شہری اسلام آباد میں سفر کے لیئے مختلف انڈر پاسز کا استعمال کریں،
شہریوں کی رہنمائی کے لیئے اسلام آباد ٹریفک پولیس مختلف مقامات پر موجود رہے گی، سفر کے دوران کسی بھی پریشانی اور رہنمائی کے لیئے ٹریفک ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کریں،
ٹریفک پولیس کا سوشل میڈیا پلیٹ فارم شہریوں کو بروقت ٹریفک روٹس سے متعلق آگاہی کے لئے موجود ہے،
چیمپیئنز ٹرافی: پاک بھارت ٹاکرے سے قبل محسن نقوی کا ٹیم کے نام اہم پیغام
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے چیمپیئنز ٹرافی میں پاک بھارت ٹاکرے سے قبل قومی ٹیم کے نام اہم پیغام جاری کردیا۔
دبئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ قومی ٹیم کو پیغام ہے آپ ہاریں یا جیتیں ہم آپ کے ساتھ ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے کہاکہ کل اچھا مقابلہ ہوگا اور پاکستان ٹیم پوری طرح تیار ہے، چیزیں اوپر نیچے ہوتی ہیں، کل انشااللہ پاکستان جیتے گا، اور یہ پاکستان کے لیے بڑا انعام ہوگا۔
محسن نقوی نے کہاکہ بھارت سے پوچھیں گے کہ اگر وہ لاہور آکر کھیل رہے ہوتے تو ان کے کیا احساسات ہوتے۔
انگلینڈ آسٹریلیا میچ کے دوران بھارتی ترانہ بجنے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ایونٹ کا آرگنائزر آئی سی سی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان چیمپیئنز ٹرافی کا میچ کل دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائےگا۔
چیمپئنز ٹرافی کے میچوں کے دوران 5800 پولیس اہلکار فرائض سرانجام دیں گے،آئی جی اسلام آباد
آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں چیمپئنز ٹرافی کی سکیورٹی پر مامور تمام قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے شرکت کی۔اجلاس میں کرکٹ ٹیموں کی سکیورٹی کے متعلق پلان پر بریفنگ دی گئی۔
آئی جی علی ناصر رضوی نے بتایا کہ چیمپئنز ٹرافی کے میچوں کے دوران پولیس کے 5800 اہلکار فرائض سرانجام دیں گے۔پاک آرمی، رینجرز، پولیس کی کوئیک ریسپانس فورس ہمہ وقت الرٹ رہے گی ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متبادل ٹریفک پلان ترتیب دیا گیا ہے۔
ٹیموں کی رہائشگاہوں، آمدورفت کے روٹ کو سیف سٹی کے ذریعے مانیٹر کیا جارہا ہے۔سیف سٹی کے 900 کیمروں، ڈرونز، باڈی وارن کیمروں سے بھی نگرانی کی جارہی ہے۔ٹیموں کی آمدورفت کے دوران ڈیوٹی پر مامور تمام افسران فیلڈ میں الرٹ رہیں گے۔ٹیموں کی آمدورفت کے روٹس کو بم ڈسپوزل سکواڈ کے ذریعے کلئیر کیا جائے گا۔چیمپئنز ٹرافی کے کامیاب انعقاد کے لئے سکیورٹی انتظامات میں کوئی کمی نہیں چھوڑی جائے گی۔