News Views Events

سب کو ساتھ لئے بغیر آگے بڑھنا مشکل، صحافی بھی اس پالیسی کو فروغ دیں:ڈاکٹر محمد امجد

پاکستان مسلم لیگ نے ہمیشہ صحافیوں کی خدمت کی۔ افضل بٹ، آئندہ بھی خدمت جاری رکھیں گے۔ غلام مصطفیٰ ملک

0

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ق)کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ چوہدری شجاعت حسین نے ہمیشہ برداشت اور رواداری کی سیاست کو فروغ دیا، سب کو ساتھ لئے بغیر آگے بڑھنا مشکل ہے، صحافی برادری بھی اس پالیسی کو فروغ دے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلٹس کے ملک بھر سے آئے منتخب نمائندگان کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلٹس کے ملک بھر سے آئے منتخب نمائندگان کے اعزاز میں استقبالیہ

 

اس موقع پر مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات غلام مصطفیٰ ملک،رحیم اعوان، انتخاب خان چمکنی اور رضوان صادق خان، صحافتی رہنماؤں اظہر جتوئی، طارق ورک، ارشد انصاری اورافضل بٹ اور سی ڈی اے ورکرز یونین کے سیکرٹری جنرل چوہدری یاسین اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
پاکستان مسلم لیگ کے رہنما جہانگیر چوہدری، عاطف مغل، انیلہ ایاز، نازلی شجاعت اور دیگر بھی موجود تھے۔

 

اپنے خطاب میں ڈاکٹر محمد امجد نے پی ایف یوجے کے منتخب نمائندوں کو مسلم لیگ ہاؤس میں خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ٹاؤن چوہدری شجاعت حسین کی طرف سے صحافیوں کے لئے خوبصورت تحفہ ہے۔ پاکستان مسلم لیگ نے صحافیوں کی ہمیشہ خدمت کی اور ان کے مسائل حل کرنے کی کوشش کی۔ آئندہ بھی ان کی خدمت جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے قائد چوہدری شجاعت حسین نے ہمیشہ نیشنل ڈائیلاگ کی بات کی ہے۔ ان کی خواہش ہے کہ ملکی مسائل ایک دوسرے کو برداشت کرتے ہوئے مل بیٹھ کر حل کئے جائیں۔ہمیں ذاتی مفاد پر قومی مفاد کو ترجیح دینی چاہیئے۔ اختلافات ختم کر کے ایک دوسرے کو تسلیم کیا جائے۔ سب کو ساتھ ملائے بغیر آگے بڑھنا ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو بھی اس پالیسی کو فروغ دینا چاہیئے۔

غلام مصطفیٰ ملک نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نے ہمیشہ صحافیوں کے حقوق کے لئے آواز بلند کی، میڈیا ٹاؤن، لاہور میں صحافیوں کے لئے سوسائٹی کا قیام اور پریس کلبزصحافیوں کے لئے تحفہ ہیں۔ مستقبل میں بھی خدمت جاری رکھیں گے۔پیکا ایکٹ کے حوالے سے چوہدری شجاعت حسین اپنا کردارادا کریں گے۔ صحافتی رہنماؤں نے اپنے خطابات میں کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کی فیملی نے ہمیشہ صحافیوں کا خیال رکھا اور ان کی خدمت کی۔ مسلم لیگ ق نے ہمیشہ صحافیوں کی فلاح کے لئے کام کیا۔ جسے صحافی برادری قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔بعد ازاں پی ایف یوجے کے نمائندوں کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.