پاکستان اور ترکیہ کے درمیان 24 معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط، تجارت 5 ارب ڈالر تک لانے پر اتفاق
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تجارت دفاع، توانائی، سائنس، اطلاعات، فنانس سے متعلق 24 معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط ہوگئے جب کہ تجارتی حجم بڑھا کر 5 ارب ڈالر کی سطح پر لانے پر اتفاق ہوا ہے۔
اس حوالے سے وزیراعظم ہاؤس میں تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان، دونوں ممالک کے تجارت، دفاع، سائنس، اور دیگر شعبہ جات کے وفاقی وزرا و اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
تقریب میں دونوں ممالک کے درمیان 24 معاہدوں مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یووز ) پر دستخط کردیے گئے۔ اس موقع پر باری باری ہر وزارت کے پاکستانی اور ترک وزیر کو اسٹیج پر بلایا گیا اور دونوں وزرا نے معاہدے اور ایم او یوز کی دستاویزات کے تبادلے کیے۔
یہ معاہدے دفاع، تجارت، توانائی، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، اطلاعات، فنانس، مذہبی امور کی وزارتوں کے درمیان ہوئے۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ صدر طیب اردوان کو خوش آمدید کہتا ہوں امید ہے آپ کا دورہ پاکستانی بہت مفید ثابت ہوگا، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات قائم ہیں دونوں قوموں کے درمیان تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آپ کا دوسرا گھر ہے پاکستان اورترکیہ کے درمیان غیرمعمولی تعلقات ہیں ترکیہ ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا صدر ترکیہ نے سیلاب کے دوران پاکستانی عوام کے دل جیت لیے انہوں نے مشکل وقت میں پاکستان کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا اور اس دوران انہوں ںے فراخ دلی کے ساتھ پاکستان کی مدد کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان پائیدار شراکت داری کو مزید فروغ مل رہا ہے اور دونوں کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ غزہ پر ہمارا موقف بالکل واضح ہے، مسئلہ کشمیر پر ترکی نے ہمیشہ پاکستان کے موقف کی حمایت کی جب کہ پاکستان قبرص کے معاملے پر ہمیشہ ترکیہ کے موقف کی حمایت کرتا رہے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گرد مذموم مقاصد کے لیے افغان سرزمین کو استعمال کررہے ہیں جواب میں پاکستان سیکیورٹی فورسز ان سے نبرد آزما ہیں۔
اپنے خطاب کے آخر میں وزیراعظم شہباز شریف نے ترک زبان میں طیب اردوان کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے، طیب اردوان
ترکیہ کے صدر طیب اردوان نے کہا کہ پاکستان میرا دوسرا گھر ہے یہاں آکر خوشی ہوئی، قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال ہمارے بھی ہیرو ہیں، دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات قائم ہیں، علامہ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے دنیا میں انقلاب برپا کیا۔
انہوں ںے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان آج 24 معاہدوں اور مفاہمتی یاد داشتوں پر اتفاق ہوا ہے، صدر پاکستان آصف علی زرداری سے بھی ملاقات ہوئی جس میں تجارتی امور پر گفتگو ہوئی۔
طیب اردوان نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ دونوں عظیم قومیں ہیں دونوں کے درمیان تعلقات کو مزید بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے، ہم اپنے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دے رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے ، دفاع اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں تعاون پر گفتگو ہوئی۔
دہشتگردی کیخلاف جنگ اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان کی مکمل حمایت کرتے ہیں: ترک صدر
ترک صدر رجب طیب اردوان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا ہے۔
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بڑی قربانیاں دی ہیں، دہشتگردی میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
رجب طیب اردوان کا مزید کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں، قبرص کے معاملے پر پاکستانی حمایت ہمارے لئے بہت اہمیت رکھتی ہے، دنیا کے ہر فورم پر پاکستان کے ہمراہ فلسطین کیلئے آواز بلند کی، آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے ملکر کوششیں جاری رکھیں گے۔