ٹرمپ کا درآمدی اسٹیل اور ایلومینیم پر 25 فیصد ٹیرف، متعدد ممالک کی جانب سے جوابی کارروائیوں کا اعلان
واشنگٹن :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے جس میں امریکہ میں تمام اسٹیل اور ایلومینیم کی درآمدات پر 25فیصد ٹیرف کا اعلان کیا گیا۔ تازہ ترین اقدامات میں کچھ تجارتی شراکت داروں کے لئے ڈیوٹی فری کوٹہ اور استثنیٰ کو بھی ختم کردیا گیا ہے۔ اس کے ردعمل میں یورپی یونین کے ساتھ ساتھ دیگر کئی ممالک نے کہا ہے کہ وہ جوابی اقدامات کریں گے۔
یورپی کمیشن کے ایگزیکٹو نائب صدر ، شیووویچ نے اسی روز کہا کہ یورپی یونین اپنے معاشی مفادات کے تحفظ کے لئے ٹھوس اور مناسب جوابی اقدامات کرے گی جبکہ فرانس، اسپین، برازیل اور دیگر ممالک نے بھی کہا ہے کہ وہ امریکی اقدامات کے مطابق ان کا جواب دیں گے۔ جرمنی کے چانسلر اولاف شولز نے 11 فروری کو کہا کہ یورپی یونین امریکہ کے اس اقدام کا جواب دینے کے لیے مل کر کام کرے گی۔ کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اسی دن کہا کہ کینیڈا اس کے منفی اثرات پر توجہ دےگا اور ضرورت پڑنے پر اس کا ٹھوس اور واضح جواب دے گا۔ ادھر جنوبی کوریا کے قائم مقام صدر چوئی سانگ مو نے کہا ہے کہ جنوبی کوریا کی حکومت اپنے کاروباری اداروں کے مفادات کا تحفظ کرے گی اور ٹیرف کے معاملے پر امریکہ کے ساتھ مذاکرات کرے گی۔