News Views Events

 پاکستان "ون چائنا” اصول پر قائم رہے گا ،صدر آصف علی زرداری

0

 

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے چینی اسپرنگ فیسٹیول اور قمری نئے سال کے پرمسرت موقع پر عوامی جمہوریہ چین کے صدر شی جن پھنگ کو دلی مبارکباد پیش کی۔

صدر شی جن پھنگ کے نام اپنے خط میں آصف علی زرداری نے پاکستان اور چین کے درمیان "آہنی دوستی” کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ بیجنگ میں صدر شی جن پھنگ سے ملاقات کے منتظر ہیں تاکہ دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے اور دوستی کے بندھن کو آگے بڑھانے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جاسکے۔

 

اپنے خط میں انہوں نے دونوں ممالک کی ہمہ موسمی اسٹریٹجک کوآپریٹو شراکت داری کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ فریقین کی انتھک کوششوں نے بین الریاستی تعلقات کے اس منفرد اور مثالی بندھن کو پروان چڑھایا اور مضبوط کیا ہے۔ آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان "ون چائنا” اصول پر قائم رہے گا جو ملک کی خارجہ پالیسی کی بنیاد ہے۔

 

انہوں نے پاک چین تعلقات کو آگے بڑھانے میں غیر متزلزل حمایت بالخصوص سی پیک کو آگے بڑھانے میں صدر شی کی دور اندیش رہنمائی پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین نے 2024 میں مختلف شعبوں میں قابل ذکر ترقی کی ہے اور وہ پاکستان اور چین کے درمیان پائیدار اور بڑھتی ہوئی دوستی کو سراہتے ہیں۔

 

صدر آصف علی زرداری نے چینی صدر شی جن پھنگ کی صحت اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ چینی عوام کی مسلسل ترقی اور خوشحالی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.