چین کے سونے کے ذخائر 2024 کے آخر تک ریکارڈ بلند سطح تک پہنچ گئے
بیجنگ (شِنہوا) چین کے مرکزی بینک کےپاس موجود سونے کے ذخائر میں 2024 کے دوران 44.17 ٹن کا اضافہ ہوا ۔
اس سے مجموعی ذخائر 2,279.57 ٹن کی ریکارڈ بلند سطح پر پہنچ گئےاور چین دنیا کا چھٹا سب سے بڑا سونے کا ذخیرہ رکھنے والا ملک بن گیا۔ چائنہ گولڈ ایسوسی ایشن کے جمعہ کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 2024 کے دوران چین میں سونے کی پیداوار 377.24 ٹن رہی جو گزشتہ برس کی نسبت 0.56 فیصد زائد تھی جبکہ سونے کی کھپت 985.31 ٹن رہی جو گزشتہ برس کی نسبت 9.58 فیصد کم تھی۔
اس کے علاوہ 2024 کے دوران درآمد شدہ خام مال سے سونے کی پیداوار 156.864 ٹن رہی جو گزشتہ برس کی نسبت 8.83 فیصد زیادہ تھی۔ اگر سونے کی پیداوار کے اس حصے کو بھی شامل کرلیا جائے تو ملک بھر میں سونے کی مجموعی پیداوار 534.106 ٹن رہی جو گزشتہ برس کی نسبت 2.85 فیصد زائد تھی۔ چین کے سونے کے بڑے گروپس کی بیرون ملک کانوں نے 2024 کے دوران 71.937 ٹن سونا پیدا کیا جو گزشتہ برس کی نسبت 19.14 فیصد اضافہ تھا۔