چین میں 2024 کے دوران روزگار کے 12.56 ملین نئے مواقع پیدا ہوئے
بیجنگ:چین کی وزارت انسانی وسائل اور سماجی تحفظ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ 2024 میں چین کے شہروں اور قصبوں میں روزگار کے 12.56 ملین نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں اور روزگار کی صورتحال مجموعی طور پر مستحکم رہی ہے۔ ملک بھر میں بے روزگاری کی اوسط شرح 5.1فیصد رہی. سال 2024 کے اختتام پر غربت سے نکلنے والے 33.052 ملین افراد کو روزگار ملاہے اور 6.65 ملین بیمہ شدہ کاروباری اداروں کو 38.6 بلین یوآن کی بے روزگاری انشورنس جاری کی گئی۔ وزارت انسانی وسائل و سماجی تحفظ کے متعلقہ حکام کا کہنا تھا کہ چین میں سماجی تحفظ کے نظام میں اصلاحات کو آگے بڑھایا جا رہا ہے،ریٹائرمنٹ کی قانونی عمر کو بتدریج توسیع دینے کی پالیسی کو بھی مستحکم اور منظم انداز میں فروغ دیا جارہا ہے اور نئے شعبوں میں کام کرنے والوں کے لئے "انجری پروٹیکشن” پر مبنی آزمائشی منصوبے میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔ 2024 کے اختتام تک چین میں 1.389 ارب سوشل سیکیورٹی کارڈ ہولڈرز موجود تھے، جن میں سے 1.07 ارب کو الیکٹرانک سوشل سیکیورٹی کارڈ ملا ہے۔