News Views Events

امریکہ کی سرمایہ کار کمپنیاں پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں،سہولت دیں گے،چودھری شافع حسین

0

 

لاہور:صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین سے انوائرمنٹ سیکٹر سے وابستہ امریکی سرمایہ کار کمپنی کے وفد نے ملاقات کی۔پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں ہونے والی ملاقات میں پنجاب میں کاربن ٹریڈنگ پراجیکٹس پر بات چیت ہوئی۔امریکن کمپنی نے انوائرمنٹ سیکٹر میں پنجاب حکومت کو ٹیکنیکل معاونت کی فراہمی اور اس سیکٹر میں سرمایہ کاری کا عندیہ دے دیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہاکہ پنجاب حکومت نے سموگ کے تدارک کیلئے موثر حکمت عملی اپنائی۔سموگ سیزن شروع ہونے سے 4 ماہ قبل ہی انڈسٹری کو سموگ کی روک تھام کے حوالے سے نوٹسز جاری کئے گئے۔انڈسٹری کو تحفظ ماحولیات کے ایس او پیز پر عملدرآمد کا پابند کیا گیا۔انڈسٹریل اسٹیٹس میں بھرپور شجر کاری مہم کا آغاز کیا گیا۔

انڈسٹری میں غیر معیاری ایندھن کے استعمال اور ٹائر جلانے کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات کئے گئے۔اینٹوں کے بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کیا گیا۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ انوائرمنٹ سٹڈیز کے لئے سکالرشپ دیئے جارہے ہیں۔پنجاب کی انڈسٹریل اسٹیٹس کو سولر انرجی پر منتقل کیا جارہا ہے۔حکومت کا الیکٹرک وہیکلز کے فروغ پر فوکس ہے۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری پر خصوصی مراعات دی جا رہی ہیں۔امریکہ کی سرمایہ کار کمپنیاں پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔انڈسٹری کے حوالے سے کاربن ٹریڈنگ انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری پرامریکی کمپنی کو ہرممکن سہولت دیں گے۔انہوں نے بتایا کہ کاربن ٹریڈنگ انفراسٹرکچر سیکٹر میں سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش موجود ہے۔

وفد میں کمپنی کے ڈائریکٹر صدف شاہ،ماہر ماحولیات مسز اینا عیزابل میلگریجو،فیصل جاوید اور دیگر شامل تھے۔ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران ہاشمی اور دیگر متعلقہ افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.