News Views Events

سی ڈی اے نے کمرشل پلاٹس کے نیلام عام کی منظوری دے دی

0

اسلام آباد: چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت جمعرات کے روز سی ڈی اے بورڈ کا دوسرا اجلاس سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوا. اجلاس میں سی ڈی اے بورڈ کے تمام ممبران نے شرکت کی. سی ڈی اے بورڈ کے اجلاس میں مختلف ایجنڈہ آئٹمز زیر غور لائے گئے.

تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے بورڈ کے دوسرے اجلاس میں کمرشل پلاٹس کے نیلام عام کی منظوری دی گئی. چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ نیلام عام میں مختلف کٹیگریز کے کمرشل پلاٹس سرمایہ کاری کیلئے پیش کئے جائیں. چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ دو سالہ آسان اقساط پر مختلف کٹیگریز کے کمرشل پلاٹس کی نیلامی کی جائے. انہوں نے کہا کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ نیلامی کیلئے پیش کئے جانے والے پلاٹس تمام بنیادی سہولیات سے آراستہ ہوں اور نیلامی کیلئے پیش کئے جانے والے پلاٹس پر کسی بھی قسم کی تجاوزات نہ ہوں.

سی ڈی اے بورڈ کے اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں میں آنے والے درختوں کو متبادل جگہ منتقل کرنے کیلئے دو ٹرانسپلانٹر خریدنے کی منظوری دی گئی. چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ ٹرانسپلانٹر خریدنے کیلئے ورکنگ مکمل کی جائے. واضح رہے اس سے قبل سی ڈی اے درختوں کی منتقلی کے لئے ٹرانسپلانٹر کرایہ پر مختلف محکموں سے حاصل کرتا تھا. محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ٹرانسپلانٹرز کے حصول کے بعد درختوں کو متبادل جگہوں پر جلد منتقلی کو یقینی بنایا جائے گا.

سی ڈی اے بورڈ کے اجلاس میں سینٹورس مال سے ملحقہ پلاٹ پر پارکنگ پلازہ تعمیر کرنے کی بھی منظوری دی گئی. چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ پارکنگ پلازہ میں کمرشل دوکانیں بھی تعمیر کی جائیں. انہوں نے سیکٹر I-8 میں بھی پارکنگ پلازہ تعمیر کرنے کیلئے منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت کی.

Leave A Reply

Your email address will not be published.