News Views Events

پاکستان میں جاپانی گاڑیاں بہت پسند کی جاتی ہیں، گورنر پنجاب

0

 

لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہائوس لاہور میں پاکستان میں جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئی چی (Akamatsu Shui Chi) نے ملاقات کی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت معیشت ، زراعت اور ثقافت کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان خوشگوار تعلقات ہیں۔ انہوں کے کہا کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری کے وژن کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے کر جائیں گے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لحاظ سے محفوظ ترین ملک ہے ۔ اور جاپان کو ہر سیکٹر میں سرمایہ کاری کے لیے خوش آمدید کہتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان میں زرخیز زمین اور آب و ہوا کی وجہ سے یہاں کے پھلوں اور سبزیوں کا ذائقہ پوری دنیا میں مشہور ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں زراعت کے شعبے میں جاپان کی مہارتوں سے استفادہ کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ جاپانی آٹو موبائلز کے بلند معیار کی وجہ سے پاکستان میں جاپانی گاڑیاں بہت پسند کی جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جاپانی کمپنیاں آٹو موبائل سیکٹر سمیت پاکستان میں مختلف شعبوں میں اقتصادی مواقع سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔

گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پاکستان اور جاپان کے مابین کاروباری اور ثقافتی وفود کے تبادلوں سے دو طرفہ تعلقات کو مذید وسعت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ٹیکسلا میوزیم میں نواردات کے تحفظ کے لیے جاپانی حکومت کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔اس موقع پر گورنر پنجاب نے جاپانی سفیر کو جاپانی کمپنیوں میں کام کرنے والے انجینئرز کے مسائل کے حل اور پاکستان میں رہنے والے جاپانی لوگوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے گورنر ہاوس کی طرف سے تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان میں جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئی چی (Akamatsu Shui Chi) نے کہا کہ پاکستان میں تقریبا 80 جاپانی کمپنیاں کام کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیکسلا آثار قدیمہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔ جاپانی سفیرنے کہا کہ پا کستان اور جاپان کے درمیان عوامی سطح پر رابطوں کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ثقافت اور تجارت سمیت دیگر شعبوں میں وسعت دینے میں پرعزم ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.