صنعتکاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا رہے ہیں، چودھری شافع
لاہور : صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں وڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا،جس میں راولپنڈی میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے امور کا جائزہ لیا گیا،ایوان صنعت و تجارت راولپنڈی کے صدر عثمان شوکت کی قیادت میں وفد نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
ایوان صنعت و تجارت راولپنڈی نے علاقے میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کا مطالبہ کیا اوراس امرکا اظہارکیاکہ راولپنڈی میں کوئی انڈسٹریل اسٹیٹ نہیں ہے،انڈسڑی کے فروغ کیلئے یہاں انڈسٹریل اسٹیٹ کا قیام ضروری ہے۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں نئی سرمایہ کاری لانے کیلئے ہماری کاوشیں رنگ لا رہی ہیں۔
صنعتکاری کا عمل تیز کرکے روزگار کے مواقع بڑھائے جاسکتے ہیں۔صوبے میں انڈسٹری کے فروغ کیلئے ہر ضروری اقدام کیا جا رہا ہے۔چودھری شافع حسین نے کہاکہ صنعتکاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا رہے ہیں۔راولپنڈی میں غیر زرعی اراضی پر انڈسٹریل اسٹیٹ بنائی جائے گی۔بعد ازاں اسے سپیشل اکنامک زون کا درجہ بھی دیا جاسکتا ہے۔
صوبائی وزیرصنعت و تجارت نے راولپنڈی میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لیے فوری طور پر ورکنگ شروع کرنے کی ہدایت کی۔
چیئرمین پیڈمک جاوید اقبال،ڈائریکٹرجنرل پنجاب سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر سہیل احمد اور دیگر نے اجلاس میں شرکت کی۔وفد میں ایوان صنعت و تجارت راولپنڈی کے سابق صدور اسد مشہدی ،ثاقب رفیق ،ایگزیکٹو کمیٹی ممبران محمد عمران ،محمد اکرم اور دیگر شامل تھے۔