معیشت کےلئے اچھی خبر،عالمی بینک کا پاکستان کو پارٹنر شپ فریم ورک کے تحت 20 ارب ڈالر دینے کا وعدہ
عالمی بینک نے پاکستان کو کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک کے تحت 20 ارب ڈالر دینے کا وعدہ کر لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق وزیراعظم اور آرمی چیف کی کوششوں سے معاشی محاذ پر کامیابیوں کا سفر جاری ہے، عالمی بنک نے 10 سالہ کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک کے تحت 20 ارب ڈالر دینے کا وعدہ کیا ہے، عالمی بنک تقریباً تین چوتھائی حصہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن کے ذریعے فراہم کرے گا۔
جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق بقیہ رقم انٹرنیشنل بینک فار ری کنسٹرکشن اینڈ ڈویلپمنٹ کے تحت فراہم کی جائے گی، توسیعی فریم ورک کے تحت چھ کلیدی ترقیاتی شعبوں پر توجہ مرکوز کی جائیگی، چائلڈ سٹننگ کم کرنا، موسمیاتی تبدیلیوں کی روک تھام، سیکھنے کے نتائج کو بہتر بنانا منصوبوں میں شامل ہیں۔
اقتصای امور ڈویژن کے اعلامیہ کے مطابق صاف پانی کی فراہمی، جامع ترقی کے لئے عوامی وسائل اور پرائیویٹ سرمایہ کاری کو بڑھانا بھی شامل ہے، مخصوص اہداف میں ٹیکس ریونیو کو جی ڈی پی کے 15 فیصد سے زائد کرنا بھی پروگرام کا حصہ ہے۔
اعلامیہ میں بتایا گیا کہ قابل تجدید توانائی کی صلاحیت میں 10 گیگا واٹ کا اضافہ کیا جائے گا، 12 ملین طلبہ کو معیاری تعلیم اور 50 ملین افراد کو صحت کی سہولیات فراہم کرنا بھی شامل ہیں، سی پی ایف میں 60 ملین افراد کو صاف پانی اور صفائی ستھرائی کی سہولیات کی فراہمی بھی شامل ہے۔
اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق 30 ملین افراد کیلئے غذائی تحفظ، 30 ملین خواتین تک مانع حمل کی رسائی کو بڑھانا بھی شامل ہے، سیلاب اور دیگر آفات اور خطرات سے نمٹنے کیلئے اہداف مقرر کئے گئے ہیں۔
وزیراعظم کا عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کو 20 ارب ڈالر دینے کے وعدے کا خیر مقدم
وزیر اعظم شہباز شریف نے عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کو 20 ارب ڈالر دینے کے وعدے کا خیرمقدم کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عالمی بینک کے پاکستان کے لیے پہلے 10 سالہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت 20 ارب ڈالر دینے کا وعدہ لائق تحسین ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ورلڈ بینک کی جانب سے ملنے والی خطیر رقم بچوں کی غذائیت، معیاری تعلیم، صاف توانائی، ماحولیات، جامع ترقی اور نجی سرمایہ کاری سمیت 6 اہم شعبوں پر توجہ مرکوز کرنے میں مدد دے گی۔
واضح رہے کہ عالمی بینک نےپاکستان کے لیے 10 سالہ کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک کی منظوری دی ہے۔اس 10 سالہ فریم ورک کے تحت عالمی بینک پاکستان کو مجموعی طور پر 40 ارب ڈالرز فراہم کرے گا۔
اس پروگرام کے تحت ایک کروڑ 20 لاکھ طلبہ کو معیاری تعلیم اور 5 کروڑ افراد کو صحت کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی، سی پی ایف میں 6 کروڑ افراد کو صاف پانی اور صفائی ستھرائی کی سہولتیں فراہم کرنا بھی شامل ہے۔
3 کروڑ افراد کے لیے غذائی تحفظ کو مضبوط، 3 کروڑ خواتین تک مانع حمل کی رسائی کو بڑھانے جیسے اہداف بھی پروگرام کا حصہ ہیں، سیلاب اور دیگر آفات اور خطرات سے نمٹنے کے لیے اہداف مقرر کیے گئے ہیں، جن سے ساڑھے 7 کروڑ افراد مستفید ہوں گے۔
10 سالہ کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک کی منظوری کے لیے 24 میں سے 19 ڈائریکٹرز نے پاکستان کے حق میں ووٹ دیا تھا۔