نیپون اسٹیل کے یو ایس اسٹیل کو خریدنے میں رکاوٹ پر امریکی اور جاپانی کاروباری حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے،جاپانی وزیر اعظم
ٹوکیو:جاپانی وزیر اعظم شیگیرو اشیبا اور امریکی صدر جو بائیڈن کے درمیان ویڈیو لنک رابطہ ہوا ۔ بعد ازاں شیگیرو اشیبا نے میڈیا کو بتایا کہ میٹنگ کے دوران نیپون اسٹیل کارپوریشن کے یو ایس اسٹیل کارپوریشن کے حصول میں رکاوٹ کے حوالےسے انہوں نے امریکی صدر کو بتایاہے کہ نہ صرف جاپانی بلکہ امریکی کاروباری برادری میں بھی اس معاملے پر شدید تشویش پائی جاتی ہے اور یہ تشویش اب بڑھ رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے اس رابطے میں جاپانی اور امریکی کاروباری برادریوں کے تحفظات کو ختم کرنے پر زور دیاہے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ جاپانی وزیر اعظم شیگیرو اشیبا نے امریکی صدر بائیڈن کے سامنے نیپون اسٹیل کارپوریشن کی جانب سے یو ایس اسٹیل کارپوریشن کے حصول کے بارے میں اپنے تحفظات کا براہ راست اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ دسمبر 2023 میں، نیپون اسٹیل کارپوریشن نے 14.9 بلین ڈالر میں یو ایس اسٹیل کارپوریشن حاصل کرنے کے منصوبوں کا اعلان کیاتھا۔ 3 جنوری 2025 کو وائٹ ہاؤس نے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ امریکی صدر بائیڈن نے "قومی سلامتی” کی بنیاد پر اس عمل کو باضابطہ طور پر روک دیاہے ۔ 6 جنوری کو، نیپون اسٹیل کارپوریشن اور یو ایس اسٹیل کارپوریشن نے امریکی عدالت میں ایک مقدمہ دائر کیا، جس میں درخواست کی گئی کہ امریکی صدر جو بائیڈن کے اس حکم نامے کو غلط قرار دیا جائے۔