غزہ کی پٹی میں فلسطین اسرائیل تنازعے کے حالیہ دور میں 46ہزار سے زائد افراد شہید
غزہ کی پٹی کے محکمہ صحت نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کے آپریشن کے نتیجے میں مجموعی طور پر 70 افراد شہید اور 104 زخمی ہوئے۔ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان نئے تنازع کے آغاز کے بعد سے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں 46 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور 109378 زخمی ہو چکے ہیں۔
اسرائیلی دفاعی افواج نے ایک جنگی رپورٹ جاری کی جس میں کہا گیا کہ انہوں نے حالیہ فضائی حملوں میں فلسطینی اسلامی مزاحمتی تحریک (حماس) کی غزہ بریگیڈ کے تحت سبرا بٹالین کے متعدد کمانڈروں کو ہلاک کیا ہے ۔ان کا ماننا ہے کہ یہ افراد متعدد بار اسرائیل پر حملوں کی منصوبہ بندی اور حملوں میں ملوث رہے ہیں۔
فلسطینی فریق کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے اسی روز غزہ کی پٹی میں کئی مقامات پر حملے جاری رکھے جس کے نتیجے میں درجنوں ہلاکتیں ہوئیں۔ جبالیہ ضلع میں بے گھر افراد کے لیے ایک اسکول پر اسرائیلی فضائی حملے میں ایک بچے اور خاتون سمیت چار افراد ہلاک اور کم از کم 25 زخمی ہو گئے۔ وسطی غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فضائی حملوں میں تین بچوں سمیت چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔اس کے علاوہ اسرائیلی فورسز نے شمالی غزہ کی پٹی میں درجنوں گھروں کو نذر آتش کر دیا جس کے بعد کئی مقامات پر آگ بھڑک اٹھی۔