چین کی جانب سے سوڈان کو ہنگامی غذائی امداد کی تقسیم کی تقریب
بیجنگ:چین کی جانب سے سوڈان کو فراہم کی جانے والی ہنگامی خوراک کی تقسیم کی تقریب 8 اگست کو مشرقی سوڈان کے شہر پورٹ سوڈان میں منعقد ہوئی۔
چین کی امداد سے فراہم کردہ چاول دسمبر 2024 میں پورٹ سوڈان پہنچے تھے۔ سوڈان میں چینی سفارت خانے کے ناظم الامور چانگ شیانگ ہوا نے اس تقریب میں کہا کہ چین اور سوڈان کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری مضبوط ہے اور چین نے ہمیشہ سوڈان کے امن اور ترقی کی بھرپور حمایت کی ہے۔ چینی حکومت کو سوڈان میں انسانی صورتحال پر گہری تشویش ہے اور وہ اپنی ممکنہ صلاحیت کے مطابق امداد فراہم کر رہی ہے۔ اس بار چین نے چاول کی ایک اور کھیپ فراہم کی ہے، امید ہے کہ یہ سوڈانی عوام کو درپیش غذائی مشکلات کو کم کرنے میں مثبت کردار ادا کرے گی۔
سوڈان کی کمشنر برائے انسانی امداد سالوا آدم بینا نے کہا کہ سوڈان اور چین کے درمیان روایتی دوستی گہری ہے ۔ سوڈانی حکومت اور عوام چین کی گراں قدر حمایت پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔سوڈان امدادی سامان کی اس کھیپ کو ملک بھر میں تقسیم کرے گا ، تاکہ ہر جگہ کے لوگ اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔ سوڈان کو امید ہے کہ امن، استحکام ،تعمیر نو اور ترقی کی بحالی کے عمل میں، وہ چینی فریق کے ساتھ دوستانہ تعاون کو مستحکم کرنا اور وسعت دینا جاری رکھے گا۔
سوڈان میں چینی سفارت خانے کے مطابق 2024 میں چین نے سوڈان کو حشرات کش ادویات، واٹر پیوریفائر،مچھر دانیاں، خیمے، کمبل اور دیگر حفظان صحت، وبائی امراض کی روک تھام اور قدرتی آفات سے بچاؤ کا سامان فراہم کیا ہے۔