چین کا 2029 تک بزرگوں کی دیکھ بھال کی خدمات کا نیٹ ورک بنیادی طور پر مکمل کرنے کا منصوبہ
بیجنگ : کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی اور ریاستی کونسل نے حال ہی میں بزرگوں کی دیکھ بھال کی خدمات میں اصلاحات اور ترقی کو گہرا کرنے کے بارے میں رائے جاری کی ہے۔رائے میں اس بات کی نشاندہی کی گئی کہ بزرگوں کی دیکھ بھال کی خدمات میں اصلاحات اور ترقی کو گہرا کرنا آبادی کی بڑھتی عمر پر فعال ردعمل کی قومی حکمت عملی کو نافذ کرنے کی فوری ضرورت ہے۔لوگوں کی زندگی کی بہتری کے لیے یہ ایک اہم کام ہے جس کا تعلق کروڑوں لوگوں کی فلاح و بہبود اور سماجی ہم آہنگی اور استحکام سے ہے۔منگل کے روز چینی میڈ یا کے مطابق رائے میں نشاندہی کی گئی ہے کہ بزرگوں کی دیکھ بھال کی خدمات کے نیٹ ورک کی بہتری کو تیز کیا جانا چاہیئے۔ گھر کی دیکھ بھال پر مبنی بزرگوں کی دیکھ بھال ، اداروں کی پیشہ ورانہ مدد اور طبی دیکھ بھال اور نرسنگ کیئر کے امتزاج کے ساتھ بزرگوں کی دیکھ بھال کی خدمات کے سپلائی پیٹرن کو بہتر بنایا جانا چاہیئے۔ معذور بزرگوں کی دیکھ بھال پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے بزرگوں کی دیکھ بھال کی بنیادی خدمات کو مضبوط بنایا جانا چاہیئے اور دیکھ بھال کی صنعت کی نشوونما کو مزید متحرک کیا جانا چاہیئے۔رائے میں اہم اہداف بھی طے کیے گئے ۔ان اہم اہداف میں کہا گیا ہے کہ 2029 تک، بزرگوں کی دیکھ بھال کی خدمات کا نیٹ ورک بنیادی طور پر مکمل ہو جائے گا، خدمات کی صلاحیتوں کو نمایاں طور پر بڑھایا جائے گا، گنجائش، معیار اور کارکردگی کو بڑھانے میں اہم پیش رفت کی جائے گی، اور بزرگوں کی دیکھ بھال کی بنیادی خدمات کی فراہمی کو مسلسل بہتر بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ 2035 تک، بزرگوں کی دیکھ بھال کی خدمات کے نیٹ ورک کو اور زیادہ مکمل کیا جائے گا ، خدمات کی فراہمی اور طلب کو زیادہ مربوط اور موافق بنایا جائے گا، تمام بزرگ افراد بنیادی دیکھ بھال کی خدمات سے لطف اندوز ہوں گے اور چین کے قومی حالات کے لیے موزوں بزرگوں کی دیکھ بھال کا نظام ایک پختہ شکل اختیار کر لے گا۔