News Views Events

لوئر کرم میں فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر، ایف سی اور پولیس اہلکاروں سمیت 6 زخمی، فورسز نے بگن کا محاصرہ کرلیا

0

پشاور: خیبر پختونخوا کے ضلع کرم ایجنسی کے علاقے لوئر کرم میں پولیس، ایف سی پر حملے اور گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود کے علاوہ ایف سی اور پولیس کے 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق لوئر کرم میں نا معلوم ملزمان کی جانب سے پولیس اور ایف سی پر حملہ کر دیا گیا، علاقے میں صلح کروانے اور سڑکیں بحال کروانے کے لیے جانے والے ضلعی انتظامیہ کے سربراہ ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود بھی زخمی ہوگئے، جنہیں تحصیل علی زئی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد بگن کے علاقے میں مزید نفری طلب کرکے علاقے کا محاصرہ کرلیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بگن میں فائرنگ سے ڈپٹی کمشنرسمیت 6 افراد زخمی ہوئے، زخمیوں میں 3 راہ گیر، ایک ایف سی اور ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔
ڈی سی کرم جاوید اللہ محسود کو تحصیل ہسپتال کے آپریشن تھیٹر منتقل کیا گیا، انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کرنے کی کوشش جاری ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر امدادی سامان لانے والے ٹرکوں کے قافلے کے لیے راستے کلیئر کرانے بگن گئے تھے۔
واضح رہے کہ بگن چار خیل کے علاقے میں 21 نومبر کو مسافروں کے قافلے پر فائرنگ میں 50 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، جس کے بعد کرم ایجنسی کے علاقے اپر کرم، بگن اور پارا چنار میں حالات کشیدہ ہوگئے تھے، اس دوران فریقین کے مابین مسلح تصادم میں کئی درجن افراد جاں بحق ہوئے۔
دو روز قبل ہی خیبر پختونخوا کی حکومت اور مقامی قبائلی عمائدین کی کوششوں سے فریقین میں امن معاہدہ ہوا تھا، جس کے بعد آج صبح صوبائی حکومت نے 75 ٹرکوں میں امدادی سامان کرم کے لیے روانہ کیا تھا، ڈپٹی کمشنر اسی امدادی سامان کے قافلے کے لیے سڑکیں بحال کروانے گئے اور خود فائرنگ کا نشانہ بن گئے۔
امدادی سامان لےکر جانے والا قافلہ روک دیا گیا
خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ کرم ایجنسی میں فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود زخمی ہوئے، ان کی حالت خطرے سے باہر ہے، ڈی سی کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کرنے کے لیے بندوبست کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کرم کے لیے امدادی سامان لے کر جانے والا 75 ٹرکوں کا قافلہ ٹل کے قریب روک دیا گیا ہے، جبکہ ٹل اسکاؤٹس کے رضاکار وہاں موجود ہیں۔
عوام کے دشمن شر پسند عناصر فساد پھیلانا چاہتے ہیں، صدر زرداری
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کرم میں امن کی کوششوں کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ایک بیان میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ شرپسند عناصر عوام کے دشمن ہیں اور فساد پھیلانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام شرپسند عناصر کو مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہونے دیں، صدر مملکت نے لوئر کرم میں فائرنگ کے نتیجے میں ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر زخمی ہونے والوں کے لیے جلد صحت یابی کی دعا کی۔
امن عمل میں خلل ڈالنے والوں کو کامیاب نہیں ہونے دینگے، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے بگن میں سرکاری گاڑیوں کے قافلے پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فائرنگ کا واقعہ امن معاہدے کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ امن و امان میں خلل ڈالنے والوں کو کامیاب ہونے نہیں دیں گے، سیکیورٹی فورسز اور حکومت دہشتگردوں کے خلاف سرگرم عمل ہیں۔
وزیراعظم نے ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود سمیت دیگر زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔
کرم میں فائرنگ امن معاہدہ سبوتاژ کرنے کی سازش ہے، محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کرم میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری قافلے پر حملہ امن معاہدہ سبوتاژ کرنے کی سازش ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ شرپسند عناصر نے فائرنگ کرکے امن معاہدے کو نقصان پہنچانے کی گھناؤنی حرکت کی، انہوں نے ڈی سی کرم جاوید اللہ محسود اور زخمی ہونے والے ایف سی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی۔
ڈپٹی کمشنر کا زخمی ہونا انتظامیہ کی نااہلی ہے، گورنر خیبر پختونخوا
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ کرم ایجنسی میں سرکاری قافلے پر فائرنگ قابل مذمت ہے، ڈپٹی کمشنر کا زخمی ہونا انتظامیہ کی نااہلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر جاوید محسود کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں، امید ہے وہ جلد صحت یاب ہوں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.