بلدیاتی انتخابات جمہوریت کی بنیاد، مسلم لیگ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے گی۔ ڈاکٹر محمد امجد
سیاسی جماعتیں بلدیاتی انتخابات سے خائف نہ ہوں، ان سے اصل جمہوریت آتی ہے۔ خطاب
اسلام آباد( نیوز ڈیسک )پاکستان مسلم لیگ کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات جمہوریت کی بنیاد ہوتے ہیں، سیاسی جماعتیں بلدیاتی انتخابات سے خائف نہ ہوں، پاکستان مسلم لیگ بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی، پارٹی کی مرکزی و صوبائی تنظیمیں اور ونگز منظم ہو رہے ہیں، مسلم لیگ جلد ایک بڑی سیاسی جماعت کے طور پر سامنے آئے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہاؤس اسلام آباد میں پارٹی کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات غلام مصطفیٰ ملک، کنوردلشاد،محمد رحیم اعوان،عاطف مغل، سید چراغ الدین شاہ،عظام چوہدری،آمنہ سلیم، مہرین ملک آدم، انیلہ ایاز چوہدری،رضوان صادق خان، چوہدری جہانگیر اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔
اجلاس میں کنور دلشاد،سید چراغ الدین شاہ، انیلہ ایاز چوہدری اور مہرین ملک سمیت دیگر ونگز کے رہنماؤں نے اپنی اپنی کارکردگی کے حوالے سے بریف کیا۔اجلاس میں 24جنوری کو علماء و مشائخ کنونشن، 5فروری کویو م کشمیر، 8مارچ کو وومن ڈے اور 23مارچ کو یوم پاکستان کی مناسبت سے تقاریب کے انعقاد کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ ان ایام کو شایان شان طور پر منانے کے لئے کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد نے پارٹی رہنماؤں کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ مسلم لیگ کی مرکزی و صوبائی تنظیموں اور ونگز نے تنظیم سازی کا عمل تیز کردیا ہے،بہت جلد مسلم لیگ ایک بڑی سیاسی قوت کے طور پر سامنے آئے گی۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے خبریں خوش آئند ہیں۔بلدیاتی انتخابات جمہوریت کی بنیاد ہوتے ہیں جب اقتدار عوام کے پاس ہوتا ہے، مگر بدقسمتی سے بڑی سیاسی جماعتیں بلدیاتی انتخابات سے خائف رہتی ہیں۔ یہ طرز عمل درست نہیں، ملک میں اصل جمہوریت بلدیاتی انتخابات ہی سے آتی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ نے اپنے دوراقتدار میں نہ صرف بلدیاتی انتخابات منعقد کروائے بلکہ بلدیاتی اداروں کو بااختیار بھی بنایا۔انہوں نے کہا کہ جب بھی بلدیاتی انتخابات کروائے جائیں گے، پاکستان مسلم لیگ ان میں بھر پور حصہ لے گی۔