شام کی عبوری حکومت کے وزراء کی اعلیٰ سعودی حکام سے ملاقاتیں
ریاض :سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سے دارالحکومت ریاض میں شام کی عبوری حکومت کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے ملاقات کی۔ فریقین نے شام کی موجودہ صورتحال اور مسائل کو حل کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
فیصل بن فرحان نے شام کی سلامتی، استحکام اور خود مختار سالمیت کو یقینی بنانے کے تمام اقدامات کے لئے سعودی عرب کی حمایت کا اعادہ کیا۔
فریقین نے شام اور اس کے عوام کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی میں کردار ادا کرنے والی تمام کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا۔
فریقین نے اس بات پر بھی تبادلہ خیال کیا کہ عرب اور اسلامی دنیا میں شام کی پوزیشن کی بحالی کو یقینی بنانے کے لئے شام کے ریاستی اداروں اور وسائل کا تحفظ کیسے کیا جائے۔
اسی روز ریاض میں سعودی وزیر دفاع خالد بن سلمان نے اسعد کے ساتھ ساتھ وزیر دفاع مرحف ابو قصرہ اور شام کی عبوری حکومت کے جنرل انٹیلی جنس ڈائریکٹر انس خطاب سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران فریقین نے شام کی تازہ ترین صورتحال اور شام کی سلامتی، استحکام اور علاقائی سالمیت کو یقینی بناتے ہوئے شامی عوام کی امنگوں کو پورا کرنے کے لئے شام میں سیاسی عبوری عمل کی حمایت کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔