News Views Events

آج کی دنیا افراتفری اور ہنگامہ آرائی سے بھرپور ہے، چینی صدر

چین گلوبل ساؤتھ کے ساتھ تعاون کو گہرا کر رہا ہے، شی کا نئے سال پر پیغام

0

بیجنگ : چین کے صدر شی جن پھنگ نے نئے سال کی مبارکباد کے پیغام میں کہا ہے کہ آج کی دنیا افراتفری اور ہنگامہ آرائی سے بھرپور ہے۔ چین ایک ذمہ دار بڑے ملک کی حیثیت سے عالمی گورننس کی اصلاحات اور گلوبل ساوتھ کے اتحاد اور تعاون کو گہرا کر رہا ہے ۔ہم نے اعلیٰ کوالٹی کی حامل بیلٹ اینڈ روڈ کی مشترکہ تعمیر کو ترقی دی، چین افریقہ تعاون فورم کے بیجنگ سمٹ کا کامیاب انعقاد کیا، اور شنگھائی تعاون تنظیم ، برکس اور جی 20 سمیت متعدد کثیر جہتی تعاون کے پلیٹ فارمز پر عالمی امن اور استحکام میں مثبت قوت فراہم کرنے کے لئے چینی حل پیش کیا۔منگل کے روز چینی صدر نے نئے سال کے موقع پر
چائنا میڈیا گروپ اور انٹرنیٹ کے ذریعے نئے سال کی مبارکباد کا پیغام دیا ۔انہوں نے کہا کہ
وقت بہت تیز ی سےگزر رہا ہے ،نئے سال کی آمد آمد ہے ، میں بیجنگ سے تمام دوستوں کو نئے سال کے لیے دلی مبارک پیش کرتا ہوں ۔2024 میں ہم تمام آزمائشوں پر پورے اتر ے ہیں ۔یہ ایک غیر معمول سال رہا ہے جو ہماری یادوں میں زندہ رہے گا۔شی نے کہا کہ
ہم نے گزشتہ سال اندرونی و بیرونی ماحول کی تبدیلوں سے پیدا ہونے والے اثرات کے فعال مقابلے کے لیے پالیسیوں کا ایک سلسلہ جاری کیا اور اعلیٰ معیار کی ترقی کو آگے بڑھایا ۔چین کی معیشت میں بہتری آئی ہے اور جی ڈی پی کی مالیت 130ٹریلین یون سے تجاوز کرنے کی توقع ہے ۔ 2024 میں اناج کی پیداوار 700 بلین کلوگرام تک پہنچ گئی اور چین کا اناج کا پیالہ زیادہ چینی اناج سے بھرا ہوا ہے ۔ ہم نے علاقائی ہم آہنگ ترقی کا اچھا رجحان برقرار رکھا ،اور نئی شہر کاری اور دیہات کے احیا میں قابل ذکر کامیابیاں حاصل کیں۔ سبز اور کم کاربن کی حامل ترقی گہرائی کی طرف جا رہی ہے اور خوبصورت چین کی تصویر لوگوں کے سامنے نظر آرہی ہے ۔
چین میں مقامی حالات کی بنیاد پر نئی معیاری پیداواری صلاحیت کے تحت نئی صنعتوں اور شعبہ جات کا نیا ماڈل وجود میں آرہا ہے ۔ نئی توانائی کی گاڑیوں کی سالانہ پیداوار پہلی مرتبہ ایک کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔ آئی سی، مصنوعی ذہنت اور کوانٹم کمیونکیشن سمیت دیگر شعبوں میں نئی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ چانگ عہ ۶ مشن پہلی مرتبہ چاند کے دور دراز علاقے تک پہنچا اور وہاں سے سامپلز زمین پر واپس لایا۔ چین کی منگ شیانگ نامی سبمرسبل آبدوز نے گہرے پانی کا سفر کیا۔ جنوبی قطب میں چین کا چھنگ لنگ اسٹیشن قائم ہوا، جس سے چینی عوام کا خلا اور سمندر کے کامیاب سفر کا خواب پورا ہوا۔
رواں سال میں نے بہت سے علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے لوگوں کی رنگا رنگ زندگی کا مشاہدہ کیا، تہین شوے علاقے کے مقامی سیب دیکھے جن کی کوالٹی اعلی میعار کی ہے، تونگ شان آو جیاو گاوں کی ماہی گیری کی صنعت کا مشاہدہ کیا جو کامیابی سے ترقی کر رہی ہے۔ مئی جی شن پہاڑوں پر واقع ٰغاروں میں ہزاروں سال قبل کے مجسمے اور لیو چھہ شیان اسٹریٹ میں رہنے والے خاندان چینی ثقافت پر مبنی روایات کو لوگوں کے سامنے پیش کر رہے ہیں۔ تیان جن شہر کی قدیم ثقافتی گلیاں پر رونق ہیں، انجوان شہر میں مختلف قومیتی لوگ ایک خاندان کی طرح زندگی بسر کر رہے ہیں۔ میں ہمیشہ روزگار ، آمدنی میں اضافے ، بزرگوں اور بچوں کی دیکھ بھال ، تعلیم اور طبی سہولیات سمیت لوگوں کے دیگر مسائل پر توجہ مرکوز کرتا ہوں۔2024 میں ریٹائرڈ افراد کی بنیادی پینشن میں اضافہ کیا گیا ہے، اور پراپرٹی کی خریداری کے قرض کی شرح میں کمی کی گئی ۔اب چینی عوام اپنے ہیلتھ کارڈز کو متعدد علاقوں میں استعمال کر سکتے ہیں۔ لوگ استعمال شدہ اشیاء کے بدلے نئی مصنوعات حاصل کر سکتے ہیں۔ ان تمام سہولیات کی بدولت لوگوں کے حصول کے احساس میں اضافہ ہوا ہے۔
پیرس اولمپکس میں چینی کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس سے چینی نوجوانوں کے اعتماد اور جوش و خروش میں اضافہ ہوا ہے۔ چینی بحری اور فضائی افواج نےاپنی 75ویں سالگرہ مناتے ہوئے چینی فوج کا ایک نیا چہرہ پیش کیا۔ سیلاب ، طوفانوں اور دیگر قدرتی آفات کے سامنے سی پی سی ممبران کی ایک بڑی تعداد نے فرنٹ لائن پر اپنی خدمات انجام دیں اور لوگوں کی مدد کی۔بے شمار محنت کش معماروں اور کاروباری افراد نے اپنے خواب پورے کرنے کے لئے انتھک محنت کی ۔ میں نے قومی سطح پر خدمات انجام دینے والے افراد کو قومی ایوارڈز اور اعزازات دیئے،جو کہ ان افراد اور ان جیسے دیگر محنت کشوں کا وقار ہے ۔
ہم نے عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 75ویں سالگرہ کو شاندار طریقے سے منایا، اور ملک میں ہونے والی زبردست تبدیلیوں کی یاد تازہ کی۔ پانچ ہزار سال پر محیط چینی تہذیب کی وراثت کے تحت "چونگ گوو” کے یہ دو الفاظ نہ صرف قدیم چینی پیالے پر کندہ کیے گئے ہیں بلکہ ہر چینی کے دل میں بھی محفوظ ہیں۔ سی پی سی کی 20 ویں قومی کمیٹی کے تیسر ے کل رکنی اجلاس میں ہمہ گیر اصلاحات کو گہرا کرنے کی وکالت کی گئی ہے۔ ہم اصلاحات اور کھلے پن کے دھارے میں آگے بڑھتے ہوئے چینی طرز کی جدید کاری کا روشن مستقبل تخلیق کر رہے ہیں۔
2025 میں ہم 14 ویں پانچ سالہ منصوبے کی تکمیل کریں گے۔ اس کے تحت مزید مثبت پالیسیاں اپنائی جائیں گی، اعلیٰ میعار کی ترقی اور سائنس و ٹیکنالوجی پر توجہ مرکوز کی جائے گی اور اقتصادی اور سماجی ترقی کا عمدہ رجحان برقرار رکھا جائے گا۔ اس وقت اقتصادی آپر یشن کو بیرونی ماحول کے غیر یقینی چیلنجز اور اقتصادی انجن کی جدید کاری کے دباو جیسی نئی صورت حال کا سامنا ہے، لیکن یہ تمام چیلنجز ہماری انتھک محنت سے حل ہو سکتے ہیں ۔ ہم ہمیشہ سخت موسم میں ترقی کی منازل طے کرتے آئے ہیں، اور ہر طرح کے امتحان پر پورے اترے ہیں۔ تمام قوم کو پر اعتماد رہنا چاہئے۔
تمام معاملات میں لوگوں کو خوشحال زندگی فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ تمام عوام اپنے بچوں کے لئے بہترین تعلیم، بزرگوں کے لئے بہترین دیکھ بھال اور نوجوانوں کے لئے ترقی کے مزید مواقع کی خواہش رکھتے ہیں، اور یہی ایک خوشحال اور خوبصورت زندگی کی امنگوں کا اظہار ہے۔ ہم سماجی تعمیر اور گورننس کے میعار کو بہتر بنانے اور ہم آہنگ اور اشتراکی ماحول پیدا کرنے کے لئے مل کر کام کریں گے تاکہ عوام کے مسائل کو حل کیا جائے اور لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ اور دلوں میں زیادہ گرم جوشی پیدا کی جائے ۔
مکاو کی مادر وطن میں واپسی کی ۲۵ویں سالگرہ کے موقع پر میں نے دریائے ہاو جیانگ کے کنارے پر نئی ترقی اور تبدیلی دیکھ کر خوشی محسوس کی۔ ہم ایک ملک دو نظام کی پالیسی پر مضبوطی سے عمل پیرا رہیں گے تاکہ ہانگ کانگ اور مکاو کی طویل مدتی خوشحالی اور استحکام کو برقرار رکھا جائے۔ آبنائے تائیوان کے دونوں کناروں کے افراد ایک ہی خاندان کا حصہ ہیں اور کوئی بھی ہماری اس مضبوط خونی رشتہ داری کو توڑ نہیں سکتا، اور وطن کی وحدت کے تاریخی رجحان کو روکا نہیں جا سکتا۔
آج کی دنیا میں ایک صدی کی بڑی تبدیلی تیز ہو رہی ہے، اس لئے کشادہ جذبے کی بنیاد پر تنازعات اور تصادم کے نکلنے کا راستہ تلاش کرنا چاہئے، اور کھلے دل سے انسانیت کی مشترکہ قسمت تحریر کرنی چاہئے۔ چین مختلف ممالک کے ساتھ مل کر دنیا کے خوبصورت مستقبل کے لئے دوستانہ تعاون پر عمل کرنے والے، تہذیب اور باہمی سیکھنے کے عمل کو آگے بڑھانے والے،اور انسانیت کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر میں شرکت کرنے والے ملک کی حیثیت سے اپنا کردار جاری رکھے گا۔
خوابوں کی تعبیر کتنی ہی دور کیوں نہ ہو ، ہم اپنی محنت اور کوشش سے اسے حاصل کر لیں گے۔ مشکلات کتنی ہی زیادہ کیوں نہ ہوں، انتھک جدوجہد سے ان پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ چینی طرز کی جدیدیت کے نئے سفر میں ہر ایک شخص ہیرو ہے ، ہر ایک کی کوشش کی اپنی ایک قیمت ہے، اور ہر ایک روشنی چمکدار ہے۔
دریاوَں اور پہاڑوں کو مزید شاندار اور خوبصورت بنایا جائے گا، اور سورج کی روشنی ہر گھر کے آنگن تک پہنچے گی۔ ہم شاندار امیدوں کے ساتھ نئے سال کا استقبال کرتے ہیں، اور دعا گو ہیں کہ وطن کے امن و خوشحالی میں اضافہ ہو گا اور تمام لوگوں کی خواہشات پوری ہوں گی ۔ خوش رہیں ، پر امن رہیں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.