جنوبی کوریا کےمسافر طیارے کے حادثے میں 167 افراد ہلاک ، 12 لاپتہ
سیئول:جنوبی کوریا کے فائر ڈپارٹمنٹ کے مطابق، جنوبی کوریا کے ایک مسافر طیارے کے حادثے کے نتیجے میں 167 افراد ہلاک، دو زخمی اور 12 لاپتہ ہو گئے ۔
یہ مسافر طیارہ جنوبی کوریا کے جیولانم ڈو کے موان ہوائی اڈے پر لینڈنگ کے دوران رن وے سے اتر کر ہوائی اڈے کی دیوار سے ٹکرا گیا اور اس میں آگ بھڑک اٹھی۔ حادثے کا شکار ہونے والا یہ طیارہ تھائی لینڈ کے بنکاک سے آنے والی جیجو ایئر کی پرواز 7C2216 تھا، جس میں 175 مسافر اور عملے کے 6 ارکان شامل تھے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق طیارے کو حادثہ لینڈنگ گیئر میں خرابی کے باعث پیش آیا۔ طیارہ رن وے سے اتر کر اطراف میں لگی باڑ سے ٹکرا گیا، جس سے طیارے میں آگ لگ گئی۔
ایوی ایشن حکام اور ماہرین نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی رپورٹ میں لینڈنگ گیئر کی خرابی کو حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا گیا ہے۔
ایئرپورٹ انتظامیہ نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے اہل خانہ سے اظہارِ ہمدردی کیا اور کہا کہ ایمرجنسی عملہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا اور زخمیوں کی فوری مدد کی گئی۔
حادثے کی تحقیقات مکمل ہونے پر مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔ مسافروں کی فہرست اور ان کے اہل خانہ کو اطلاع دینے کا عمل جاری ہے۔ حکام نے ایئرلائنز کو حفاظتی معیارات پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔