وزیراعظم کی آزربائیجان سفارت خانے آمد ، طیارہ حادثہ پراظہار افسوس
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی آذربائیجان کے سفارت خانے آمد، آذربائجان کے سفیر خضر فرہادوف سے ملاقات ، قزاقستان کے علاقے اکٹاؤ (Aktau) میں آذربائیجان کے ہوائی جہاز کو پیش آنے والے حادثے اور اس میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کااظہارکیا، انہوں نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی ۔
انہوں نے کہاکہ زخمیوں کی جلد از جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں، وزیراعظم نے کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام آذربائجان کے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، انہوں نے کہاکہ آذربائیجان اور پاکستان کے مابین مشترکہ مذہبی اور ثقافتی اقدار پر مبنی بھائی چارے کے مضبوط تعلقات ہیں، آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے وزیراعظم کا ان کی تشریف آوری پر شکریہ اداکیاانہوں نے کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں وزیراعظم پاکستان کا آذربائیجان کے سفارت خانے آ کر اظہار افسوس کرنا ہمارے لیے انتہائی قابل قدر ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے