قائد اعظم کے فرمودات پر عمل کر کے ملک کو بحرانوں سے نکال سکتے ہیں، ڈاکٹر محمد امجد
ملک کے قیام اور تعمیروترقی میں مسیحی برادری کا کردار ناقابل فراموش ہے،خطاب
اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ قائداعظم کے فرمودات پر عمل کر کے ملک و درپیش بحرانوں سے نکال سکتے ہیں، قیام پاکستان اور اس کی تعمیروترقی میں مسیحی برادری کا کردارناقابل فراموش ہے، رنگ و نسل اور مذہب کی تفریق کے بغیر ہم سب پاکستانی ہیں، ملکی ترقی اور خوشحالی کے لئے مل کر آگے بڑھنا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہاؤس اسلام آباد میں یوم قائد اور کرسمس کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں پارٹی کی مرکزی اور صوبائی قیادت، مختلف ونگز کے عہدیداران، کارکنان اور مسیحی برادری کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات غلام مصطفیٰ ملک نے سٹیج سیکرٹری کی ذمہ داریاں ادا کیں۔اس موقع پر قائداعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت اور کرسمس کے حوالے سے کیک بھی کاٹے گئے۔تقریب کا اہتمام پاکستان مسلم لیگ فیڈرل کیپیٹل نے کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد امجد نے قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش اور کرسمس کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل کے گرداب سے قائداعظم کے بتائے گئے اصولوں پر عمل کر کے نکلا جاسکتا ہے۔قیام پاکستان میں مسیحی برادری کا بڑا کردار تھا اور اسی طرح ملکی ترقی و خوشحالی کے سفر میں بھی ان کا کردارناقابل فراموش ہے۔حصول پاکستان قائداعظم کے لئے محض زمین کا ایک ٹکڑا نہیں تھا بلکہ ان کی خواہش تھی کہ یہاں بر تمام رنگ و نسل اور قومیتوں کے افراد آپس میں مل جل کررہیں مگر ہمارے دشمن نے ہم میں صوبائیت اور فرقہ واریت کی بنیاد پر تقسیم کردیا ہے۔ہمیں یہ تقسیم ختم کر کے پاکستانیت کو فروغ دینا ہے۔ یہاں بھائی چارے، امن وامان اور برداشت کی فضا قائم کرنی ہے۔اگر ہم تقسیم رہے تو ہمارا حشر بھی عراق اور سیریا جیسے ممالک جیسا ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین، سنگاپور اور دوبئی ہم سے بعد قائم ہوئے مگر وہ ترقی میں ہم سے کہیں آگے نکل چکے ہیں۔ہمارے اندر گھسے غدار ہماری جڑیں کھوکھلی کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی قائد چوہدری شجاعت حسین کی خواہش تھی کہ مسلم لیگ ہاؤس کو آباد کیاجائے اوراس کی رونقیں بحال ہوں۔ آج ہم نے مسلم لیگی ساتھیوں کے ساتھ مل کر اسے آباد کردیا ہے۔پارٹی قائد کی توقعات پر پورا اتروں گا۔
چوہدری شافع حسین اور چوہدری سالک حسین کے ساتھ مل کر پارٹی کو پہلے والا مقام دوبارہ دلائیں گے۔انہوں نے فیڈرل کیپیٹل کے صدر رضوان صادق خان اور جنرل سیکرٹری چوہدری جہانگیر کو اچھی تقریب کے انعقاد پر مبارکباد بیش کی۔تقریب سے چوہدری یسین، انیلہ چوہدری، مونا بخاری، مہرین ملک آدم، آمنہ سلیم، افتخار احمد، مسز فرخ خان، طارق حسن، عاطف مغل، عظام چوہدری،رضوان صادق خان،چوہدری جہانگیر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔