آذربائیجان ایئر لائن کا طیارہ قازقستان کے شہر اقتاؤ میں گر کر تباہ، 27 افراد زندہ بچ گئے
باکو سے گروزنی جانے والا آذربا ئیجان ایئر لائن کا مسافر طیارہ مغربی قازقستان کے شہر اقتاؤ کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔
قازق میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے میں 67 مسافر اور عملے کے 5 افراد سوار تھے جن میں سے 27 افرادزندہ بچ گئے ہیں۔ آذربائیجان کے صدر الہام حیدر اوغلو علییف ، جو سی آئی ایس سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے روس پہنچے تھے ۔
اس حادثے کے بعد فوری طور پر باکو واپس آ رہے ہیں۔ قازقستان کے صدر نے حادثے میں زخمی ہونے والوں کو تمام ضروری مدد فراہم کرنے کے لیے ایک ریاستی کمیٹی کے قیام کی ہدایت کی ہے ۔
روسی فیڈرل ایئر ٹرانسپورٹ ایجنسی نے اس واقعے کے بارے میں بتایا ہے کہ پرواز کے دوران طیارے کے پرندوں کے جھنڈ سے ٹکرا جانے کے بعد کپتان نے طیارے کو اقتاؤ ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اقتاؤ میں چینی قونصلیٹ جنرل کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارے میں کوئی چینی مسافر نہیں تھا۔