وفاقی وزیرچودھری سالک حسین کی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد
اسلام آباد:وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین نے پاکستان اور دنیا بھر میں مسیحی برادری کو کرسمس کی دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرسمس کا تہوار آفاقی محبت و اخوت، برداشت اور ایثار کا درس دیتا ہے جو کسی بھی معاشرے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔منگل کوکرسمس کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ قائدِاعظم نے تمام برادریوں کے لئے بلا تفریق مذہب، پیشہ یا نسل مساوات، آزادی اور تحفظ کی پالیسی کا اعلان کیا۔پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو بلا لحاظِ مذہب، ذات اور نسل بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے،حکومتِ پاکستان اقلیتوں سمیت تمام پاکستانیوں کو مساوی مواقع فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔
اپنے ایک بیان میں چودھری سالک حسین نے کہا کہ پاکستان کی مسیحی برادری نے ملک کی تعمیر و ترقی، ملکی دفاع، عدلیہ الغرض ہر شعبے اور علم و عمل کے ہر میدان میں اپنا مثبت کردار ادا کیا، پوری دنیا میں گزشتہ کچھ دہائیوں میں مذہبی عدم برداشت کی لہر نے زور پکڑا ہے جس کے تدارک کیلئے بنی نوع انسان کو مذاہب کے بھائی چارے اور مذہبی رواداری کے پیغام پر عملدرآمد کی ضرورت ہے،پاکستان اس وقت تاریخ کے ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے جہاں ہم سب کو ایک قوم بن کر کر اس کی ترقی و خوشحالی کیلئے شبانہ روز محنت کرنی ہے،یہ ملک ہم سب کا ہے،آئیں کرسمس کے موقع پر ہم پاکستان کو مذہبی رواداری اور بھائی چارے کی مثال بنا کر امن کا گہوارہ بنائیں اور اس کو ان مشکلات سے نکالنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
ملک و قوم کو درپیش مسائل کے حل کیلئے فورم تشکیل دیاجائے،چودھری شجاعت