چین میں 5 جی صارفین کی تعداد ایک ارب سے زائد ہوگئی
بیجنگ (شِںہوا) چین میں نومبر کے اختتام تک 5 جی موبائل فون صارفین کی تعداد 1.002 ارب تک پہنچ گئی جو دنیا کی معروف ٹیلی کام مارکیٹ میں ایک سنگ میل ہے۔
چینی وزارت صنعت و انفارمیشن ٹیکنالوجی (ایم آئی آئی ٹی) کے مطابق یہ اعداد وشمار ملک میں تمام موبائل فون صارفین کا 56 فیصد ہے جو گزشتہ برس کے اختتام کے مقابلے میں 9.4 فیصد پوائنٹس کا اضافہ ہے۔
5 جی صارفین میں تیز رفتار اضافے کو بڑے پیمانے پر بنیادی سہولیات میں اضافے کا تعاون حاصل ہے ۔ وزارت صنعت و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اعدادوشمار کے مطابق چین میں گزشتہ ماہ کے اختتام تک 5 جی بیس اسٹیشنز کی تعداد 42 لاکھ ہوچکی تھی۔
5 جی بیس اسٹیشنز موبائل فون اور بڑے انٹرنیٹ کے درمیان ریلے پوائنٹ ہے، صنعتی اعدادوشمار کے مطابق رواں سال کے اوائل میں چین کے 5 جی بیس اسٹیشنز دنیا کی مجموعی تعداد کا 60 فیصد سے زائد ہے جو دنیا بھر میں 5 جی کی تنصیب میں ملک کی صف اول کی پوزیشن کو واضح کرتا ہے۔
وزارت صنعت و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے نائب وزیر ژانگ یون منگ نے رواں ماہ کے اوائل میں کہا تھا کہ چین میں فی 10 ہزار افراد پر 5 جی اسٹیشنز کی تعداد 29 ہے جو 14 ویں پانچ سالہ منصوبے (2025-2021) کے لئے مقرر کردہ ترقیاتی ہدف کی جلد تکمیل کو ظاہر کرتا ہے۔
ژانگ کا کہنا تھا کہ 5 جی نیٹ ورکس اب چین بھر میں جامع کوریج مہیا کررہا ہے جس میں سرکاری خدمات کے مراکز ، ثقافتی ، سیاحتی مقامات اور بڑے نقل و حمل کے راستوں جیسے اہم شعبے شامل ہیں ۔ وزارت دیہی اور دور دراز علاقوں میں 5 جی کوریج کو وسیع کررہی ہے۔