مدارس بل کا مسئلہ افہام و تفہیم سے حل ہونے پر خوشی ہوئی۔ چوہدری شجاعت حسین
اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ کے صدر اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ مدارس بل کا مسئلہ افہام وتفہیم سے حل ہونے پر دلی خوشی ہوئی ہے، مسئلہ کے حل کے لیے مولانا فضل الرحمان نے کردار ادا کیا ، مدارس کے حوالے سے ایشوز پر آئندہ بھی حمایت کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونی گفتگو میں کیا۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان کی خیریت دریافت کی اور کہا کہ مدارس بل کا مسئلہ افہام و تفہیم سے حل ہوگیا ہے جس پر انہیں دلی خوشی ہوئی ہے۔
مسئلہ حل کروانے میں مولانا فضل الرحمان نے زبردست کردار ادا کیا ہے ۔ اس بات پر خوشی ہوئی کہ مولانا فضل الرحمان نے سازشی عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ بھی مدارس کے حوالے سے کوئی مسئلہ درپیش ہوا تو بھر پور حمایت کریں گے۔ اس پر مولانا فضل الرحمان نے چوہدری شجاعت حسین کا شکریہ ادا کیا۔