امریکہ یوکرین تنازع کو ہوا دینا بند کرے، چینی مندوب
اقوام متحدہ (شِنہوا) اقوام متحدہ میں ایک چینی مندوب نے امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ یوکرین تنازع پر بے بنیاد الزام تراشی اور تصادم کو ہوا دینا بند کرے۔
اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل مندوب گینگ شوانگ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے خطاب میں کہا کہ یوکرین بحران جاری ہے اور جنگ میں کمی کے کوئی آثار نظر نہیں آرہے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہتھیار جنگ جیتنے میں تو مددگار ہوسکتے ہیں لیکن پائیدار امن قائم نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے فریقین پر جلد از جلد امن بات چیت شروع کرنے اور عالمی برادری سے اس مقصد کے لئے سازگار حالات بنانے میں فعال کردار کرنے پر زور دیا۔
گینگ کا کہنا تھا کہ تنازع کے آغاز سے ہی چین فریقین پر زور دے رہا ہے کہ وہ جنگ بندی کی کوشش کریں اور مذاکرات شروع کرکے جلد از جلد امن قائم کریں۔
انہوں نے کہا کہ روس، یوکرین، عالمی جنوب کے ممالک اور کئی یورپی ممالک نے یوکرین بحران کے حل میں چین کے کردار اور تعاون کا خیرمقدم کیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ واحد ملک ہے جس نے چین کی کوششوں کو نظرانداز کرتے ہوئے جھوٹی معلومات کا پرچار جاری رکھا ہوا ہے۔