امریکہ چین کے بارے میں اپنے غلط تصور کو درست کرے، چینی وزارت دفاع
امریکہ عالمی سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ بن چکا ہے، ترجمان
بیجنگ : چین کی وزارت دفاع کے ترجمان زانگ شیاؤ گانگ نے امریکہ کی جانب سے 2024 کی "چائنا ملٹری اینڈ سیکیورٹی ڈیولپمنٹ رپورٹ” کے اجراء پر بیان جاری کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ امریکی رپورٹ چین کی قومی دفاعی پالیسی کو مسخ کرکے نام نہاد "چینی فوجی خطرے” کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتی ہے، جس کی چین سختی سے مخالفت کرتا ہے۔ہفتہ کے روز ترجمان کا کہنا تھا کہ چین ہمیشہ سے ثابت قدمی کےساتھ دفاعی نوعیت کی قومی دفاعی پالیسی پر عمل پیرا ہے جبکہ خود امریکہ نے اپنی فوجی برتری سے فائدہ اٹھاتے ہوئے زبردستی "حکومت کی تبدیلی” جیسے منصوبوں کو فروغ دیا ہے اور "رنگین انقلابات” کو ہوا دی ہے، جس کے نتیجے میں لاکھوں افراد ہلاک اور زخمی اور بےشمار افراد بے گھر ہوئے ہیں۔ حقائق نے ثابت کیا ہے کہ جنگ کا عادی امریکہ عالمی نظام کے لئے سب سے بڑا تخریب کار اور عالمی سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ بن چکا ہے۔ امریکہ اپنی فوجی ترقی کا بہانہ تلاش کرنے اور رائے عامہ کو گمراہ کرنے کے لئے ہر سال اس طرح کی انتہائی گمراہ کن اور منافقانہ رپورٹیں تیار کرتا ہے۔چین امریکہ پر زور دیتا ہے کہ وہ چین کے بارے میں اپنے غلط تصور کو درست کرے اور دونوں ممالک اور دونوں افواج کے درمیان تعلقات کی مستحکم اور صحت مندانہ ترقی کو فروغ دے۔