چین ،سنکیانگ خرگوس بندرگاہ سے مصنوعات کی درآمد اور برآمد کا نیا ریکارڈ
سنکیانگ: چین کے سنکیانگ ویغور خود اختیار علاقے کے خرگوس کسٹمز نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ جنوری سے نومبر 2024 تک ، سنکیانگ خرگوس بندرگاہ سے مصنوعات کی حقیقی درآمد اور برآمد کا پیمانہ 41.858 ملین ٹن تک جا پہنچا ، جو سال بہ سال 9.6 فیصد کا اضافہ ہے اور یہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔ رواں سال کے آغاز سے اب تک سنکیانگ خرگوس بندرگاہ سے مصنوعات کی درآمد اور برآمد کا پیمانہ مسلسل سات سالوں سے سنکیانگ کے تمام بندرگاہوں میں پہلے نمبر پر رہا ہے۔ مصنوعات کی اقسام کےلحاظ سے ، اہم درآمد ی مصنوعات میں میکانی اور برقی مصنوعات ، خام تانبے اور تانبے کی مصنوعات ، زرعی مصنوعات ، خوراک ، دھاتی اجزاء اور معدنی ریت شامل ہیں ، جن میں سے درآمد شدہ خوراک کے تجارتی حجم میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اہم برآمدی اجناس میں نئی توانائی کی گاڑیاں، مکینیکل اور برقی مصنوعات، ہائی ٹیک مصنوعات، ملبوسات، ٹیکسٹائل سوت، کپڑے اور ان کی مصنوعات شامل ہیں، جن میں نئی توانائی کی گاڑیوں، پھل اور سبزیوں کا حجم زیادہ ہے۔