ڈی ایٹ کانفرنس:پاکستان سمیت مختلف ممالک کا مشرق وسطی میں بحران کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے مزید ٹھوس اقدامات کا مطالبہ
قاہرہ :ترقی پذیر ممالک کے ڈی ایٹ گروپ کا گیارہواں سربراہ اجلاس مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں منعقد ہوا۔ مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں غزہ کی پٹی اور لبنان میں انسانی تباہی اور تعمیر نو پر بات چیت کی گئی۔ بہت سے ممالک نے فلسطین، لبنان اور شام کے خلاف اسرائیل کی مسلسل جارحیت کی شدید مذمت کی اور بحران کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے مزید کارروائی کا مطالبہ کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر غزہ کی پٹی میں جنگ بندی نہیں ہوئی تو مشرق وسطیٰ اور دنیا میں امن، خوشحالی اور ترقی ممکن نہیں ہوگی۔
مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کا خطہ سنگین خطرے سے دوچار ہے، فلسطین اسرائیل تنازعہ ایک سال سے زائد عرصے سے جاری ہے اور اسرائیل کی طرف سے انسانی رسائی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور جنگ کے بعد کے انتظامات کی راہ ہموار کرنے کے لیے غزہ کی پٹی میں فوری جنگ بندی ہونی چاہیے۔ لیکن اگر یہ وژن آزاد فلسطینی ریاست پر مبنی نہ ہوا تو غزہ کی پٹی کے مستقبل کے تناظر میں امن کی کوئی امید باقی نہیں رہے گی۔
اجلاس میں شریک فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا کہ فلسطینی فریق نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2735 پر فوری عمل درآمد، جنگ بندی اور پوری غزہ پٹی میں امدادی سامان کے داخلے کا مطالبہ کیا اور اجلاس میں شریک ممالک سے لبنان اور شام میں اسرائیل کے اقدامات میں فوری مداخلت اور مثبت کردار کا مطالبہ کیا۔