چینی نائب صدر کی بھارتی قومی سلامتی کے مشیر سےملاقات
بیجنگ (شِنہوا) چین کے نائب صدر ہان ژینگ نےبھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اور بھارت-چین سرحدی تنازع پر نمائندہ خصوصی اجیت دوول سے بیجنگ ملاقات کی ہے۔
ہان نے کہا کہ چین اور بھارت قدیم مشرقی تہذیبوں اور ابھرتی ہوئی بڑی قوتوں کے طور پر آزادی، یکجہتی اور تعاون کے اصولوں پر عمل پیرا ہیں جو عالمی اثر و رسوخ اور تزویراتی اہمیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگلے سال چین اور بھارت کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ ہوگی اور فریقین کو دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان طے شدہ اہم اتفاق رائے کو عملی شکل دینی ہے۔اس کے علاوہ دونوں اطراف کو اعلیٰ سطح کے تبادلے کا سلسلہ برقرار رکھنا ، سیاسی باہمی اعتماد کو فروغ دینا اور بتدریج ادارہ جاتی مکالمے اور معیشت، تجارت اور ثقافت جیسے شعبوں میں تبادلے اور تعاون کا دوبارہ آغاز کرنا چاہیے تاکہ دوطرفہ تعلقات میں پیشرفت راہ پر آسکے۔
اس موقع پر دوول نے کہا کہ سرحدی تنازع پر دونوں ممالک کے خصوصی نمائندوں کے درمیان 5 برس کے وقفے کے بعد ملاقات کا دوبارہ آغاز دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان طے شدہ اتفاق رائے کو عملی شکل دینے کے لئے ایک اہم اقدام ہے اور یہ دوطرفہ تعلقات میں پیشرفت کے لئے بہت اہمیت رکھتا ہے۔
دوول نے کہا کہ بھارت چین کے ساتھ تزویراتی رابطے مضبوط بنانے، باہمی مفید تعاون کے فروغ اور دو طرفہ تعلقات میں پیشرفت کو نئی توانائی دینے کے لئے تیار ہے۔