فلسطین-اسرائیل جنگ بندی معاہدے کے حتمی مذاکرات کی توقع
دوحہ : قطری میڈیا نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ دی ہے کہ فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک (حماس) اور اسرائیل کے وفود دو دن کے اندر مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے معاہدے پر حتمی مرحلے کے مذاکرات کر سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق موجودہ مذاکرات میں "اہم پیش رفت” ہوئی ہے، اور فریقین غزہ کی پٹی میں جنگ بندی اور حراست میں لیے گئے افراد کے تبادلے کے لیے ایک معاہدے تک پہنچنے کے بہت قریب ہیں۔
گزشتہ روز حماس نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی اور زیر حراست افراد کے تبادلے پر قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہونے والے مذاکرات "سنجیدہ اور مثبت” تھے۔ اگر اسرائیل جنگ بندی پر نئی شرائط عائد نہیں کرتا تو معاہدہ ممکن ہو سکے گا۔
مذکورہ رپورٹس پر اسرائیل کی جانب سے فی الحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ اس سے قبل کی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو جنگ بندی کے مذاکرات میں شرکت کے لیے قاہرہ جائیں گے تاہم اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے 17 تاریخ کی شام کو اس بیان کی تردید کی تھی۔