اقوام متحدہ کی عالمی برادری سے شام میں انسانی ہمدردی اور تعمیر نو کی کوششوں کی حمایت کی اپیل
اقوام متحدہ:یو این ایچ سی آر نے جنیوا میں شام کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرنے کے لیے ایک پریس کانفرنس کی۔ ایجنسی کے عہدیداروں نے کہا کہ 2025 کی پہلی ششماہی میں تقریباً 10 لاکھ شامی مہاجرین کی وطن واپسی کی توقع ہے۔
شام میں جاری عدم استحکام کی وجہ سے گزشتہ تین ہفتوں میں ایک بار پھر 10 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوئے ہیں، جن میں بیشتر خواتین اور بچے ہیں۔ اس کے علاوہ ہزاروں شامی پناہ گزین اپنے گھر واپس جا رہے ہیں جبکہ بہت سے لوگ ملک چھوڑنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔
یو این ایچ سی آر کے مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے سربراہ امیس نے کہا کہ اس وقت شام واپس آنے والے زیادہ تر پناہ گزین ترکی، لبنان اور اردن سے آ رہے ہیں، تاہم یہ لوگ ایک ایسے ملک میں واپس جا رہے ہیں جو 14 سالہ خانہ جنگی سے تباہ ہو چکا ہے۔ شام میں اب بھی 7 ملین سے زائد بے گھر افراد موجود ہیں، اور 90 فیصد سے زیادہ آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہی ہے اور زندہ رہنے کے لیے انسانی امداد پر انحصار کرتی ہے۔