News Views Events

چین اور پاکستان کا دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان قریبی رابطے اور اہم اتفاق رائے پر زور

0

بیجنگ:چائنا انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ کوآپریشن ایجنسی (سی آئی ڈی سی اے) کے ڈائریکٹر لوو ژاؤہوئی نے چین کے شہر کھن منگ میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال سے ملاقات کی۔ احسن اقبال بلیو اکانومی تعاون سے متعلق تیسرے چین بحر ہند خطے کے فورم میں شرکت کے لیے چین میں تھے۔
لوو ژاو نے فورم میں شرکت کے لئے مسلسل تین سال تک اعلیٰ سطحی وفود چین بھیجنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان قریبی رابطے اور اہم اتفاق رائے پر زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ یہ ایجنسی ان اہم معاہدوں پر عمل درآمد، بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کی مشترکہ تعمیر کو فعال طور پر فروغ دینے، گلوبل ڈیولپمنٹ انیشی ایٹو کے نفاذ اور چین پاکستان ترقیاتی تعاون کو گہرا کرنے کے لئے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کے لئے پرعزم ہے جس سے دونوں ممالک اور ان کے عوام کو فائدہ ہوگا۔
احسن اقبال نے علاقائی ممالک کو تجربات کے تبادلے اور تعاون کے لئے پلیٹ فارم فراہم کرنے پر چین کا شکریہ ادا کیا اور بلیو اکانومی کی ترقی کو آگے بڑھانے میں چین کی قیادت کو سراہا۔انہوں نے بی آر آئی اور جی ڈی آئی کے فریم ورک کے تحت مختلف شعبوں میں چین کے ساتھ ترقیاتی تعاون کو مضبوط بنانے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، جس کا مشترکہ مقصد نئے دور میں چین پاکستان ہم نصیب معاشرے کی تعمیر ہے۔
ملاقات کے بعد ڈائریکٹر لوو ژاؤہوئی اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے پاکستان کے موسمیاتی انفارمیشن اور ارلی وارننگ سسٹم منصوبے پر عملدرآمد سمیت تعاون کی دستاویزات پر دستخط کیے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.