امریکہ فوری طور پر چین پر عائد اضافی ٹیرف منسوخ کرے۔چینی وزارت تجارت
بیجنگ: 11 دسمبر کو، امریکہ کے تجارتی نمائندے کے دفتر (USTR) نے چین سے درآمد کی جانے والی ٹنگسٹن مصنوعات، پولی سیلیکون اور دیگر مصنوعات پر اضافی سیکشن 301 ٹیرف کے نفاذ کا اعلان کیا جو یکم جنوری 2025 سے نافذ العمل ہوں گے۔
16 دسمبر کو چینی وزارت تجارت کے ترجمان نے کہا کہ یکطرفہ ٹیرف میں اضافے کے خلاف چین کا موقف مستقل ہے اور چین نے کئی مواقعوں پر امریکہ سے اس پر اپنےسنجیدہ تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈبلیو ٹی او پہلے ہی فیصلہ دے چکا ہے کہ چین پر امریکی سیکشن 301 ٹیرف ڈبلیو ٹی او کے قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ سیکشن 301 ٹیرف میں اضافے کا امریکی اقدام امریکی غلطیوں میں اضافہ ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکی ٹیرف کے قدامات نہ صرف امریکی تجارتی خسارے اور صنعتی مسابقت کے مسائل کو حل نہیں کر پائیں گے بلکہ امریکہ میں افراط زر کے بڑھنے ، امریکی صارفین کے مفادات ، بین الاقوامی اقتصادی اور تجارتی ترتیب اور عالمی صنعتی اور سپلائی چین کی سلامتی اور استحکام کو بھی شدید نقصان پہنچانے کا سبب بنیں گے۔
چینی وزارت تجارت کے ترجمان نے کہا کہ امریکہ فوری طور پر اپنے غلط اقدامات کو درست کرے اور چین پر عائد اضافی ٹیرف منسوخ کرے۔انہوں نے کہا کہ چین اپنے حقوق اور مفادات کے مضبوط دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔