توشہ خانہ ٹو کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد
اسلام آباد: سپیشل کورٹ سینٹرل ون اسلام آباد نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کر دی۔
تفصیلات کے مطابق توشہ خانہ ٹو کیس میں سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کردی گئی ہے۔
اسپیشل کورٹ سنڑل اسلام آباد نے فرم جرم عائد کی،بانی پی ٹی آئی کو عدالت پیش کیا گیا،بشریٰ بی بی اپنے وکیل کے ہمراہ پیش ہوئیں،
نیب ترامیم کی روشنی میں یہ کیس ایف ائی اے کو منتقل کر دیا تھا،ستمبر 2026میں ایف ائی اے نے ضروری تحقیقاتی کاروائی کے بعد چالان عدالت میں جمع کروایا تھا،بشریٰ بی بی اور عمران خان نے صحت جرم سے انکار کیا تھا۔
اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت ہوئی، اس موقع پر سابق وزیراعظم عمران خان کے علاوہ سابق خاتون اول بشریٰ بی بی بھی اڈیالہ جیل میں موجود تھیں۔
اسپیشل عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے فرد جرم پڑھ کرسنائی جس کے بعد توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت 18 دسمبرتک ملتوی کردی گئی۔
یاد رہے کہ 12 ستمبر 2024 کو توشہ خانہ ٹو کیس کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اےکی 3 رکنی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی گئی تھی۔
نیب ترامیم کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد احتساب عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو ریفرنس نیب سے ایف آئی اے کو منتقل کردیا تھا۔
قبل ازیں، عدالت نے توشہ خانہ 2 ریفرنس کا ریکارڈ اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت کو منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔ جبکہ 13 جولائی کو نیب نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کو عدت نکاح کیس میں ضمانت ملنے کے فوری بعد توشہ خانہ کے ایک نئے ریفرنس میں گرفتار کرلیا تھا۔
نیب کی انکوائری رپورٹ کے مطابق نیا کیس 7 گھڑیوں سمیت 10 قیمتی تحائف خلاف قانون پاس رکھنے اور بیچنے سے متعلق ہے۔
توشہ خانہ ٹو میں عمران اور بشریٰ پر فرد جرم، الزامات کیا ہیں؟
اسلام آباد:توشہ خانہ ٹو کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کردی گئی ہے، تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا ہے، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر الزامات کی تفصیلات بھی سامنے آگئی ہیں۔
توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی پر عائد فرد جرم کے مطابق 2021 میں دورہ سعودی عرب کے دوران بلگاری جیولری سیٹ توشہ خانہ میں جمع نہیں کرایا گیا، نہ ہی بلگاری سیٹ کی مکمل تفصیلات توشہ خانہ میں جمع کروائی گئیں۔
بلگاری جیولری سیٹ وزیر اعظم کی اہلیہ کو ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے دیا گیا تھا، جس میں ایک عدد بریسلٹ، انگوٹھی، جھمکے اور نیکلس بھی شامل تھا۔
بلگاری جیولری سیٹ بیش قیمت اور نوادراتی تھا، سیٹ میں شامل انگوٹھی میں گلابی رنگ کا ہیرا جڑا تھا، بریسلٹ میں بھی گلابی ہیرے اور دیگر جواہرات جڑے تھے، نیکلس میں بھی بیش قیمت موتی اور ہیرے لگے تھے۔
الزامات کے مطابق ملزمان نے پرائیویٹ فرم سے جیولری سیٹ کی قیمت صرف 52 لاکھ روپے لگوائی اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے 29 لاکھ روپے ادا کئے۔
جبکہ بلگاری سیٹ کی اصل قیمت 7 کروڑ 15 لاکھ روپے سے زائد ہے۔