چین کا ایک بار پھر غزہ میں غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ
اقوام متحدہ : اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 10 ویں اجلاس میں دو قراردادیں منظور کی گئیں جن میں غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کی رہائی کے ساتھ ساتھ یو این آر ڈبلیو اے کی سرگرمیوں کی حمایت کا مطالبہ کیا گیا۔ امریکہ اور اسرائیل نے دونوں قراردادوں کے خلاف ووٹ دیا۔جمعرات کے روز ووٹنگ سے قبل اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب فو چھونگ نے کہا کہ دونوں قراردادیں بین الاقوامی برادری کے جائز مطالبے کی نمائندگی کرتی ہیں اور کچھ انفرادی ممالک کی جانب سے اپنے اتحادیوں کا تحفظ اور چشم پوشی انتہائی نچلی سطح پر پہنچ چکی ہے۔ ہم نے بین الاقوامی قانون کے اطلاق میں انتخاب اور دوہرے معیار کا ایک غیر معمولی پیمانہ دیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قابض طاقت کی حیثیت سے اسرائیل کو بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنا ہوگا تاکہ غزہ بھر میں رسد کی موثر تقسیم اور انسانی ہمدردی کے اداروں اور اہلکاروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔ بین الاقوامی برادری کو فوری طور پر دو ریاستی حل کو ازسرنو متحرک کرنے کے ساتھ ساتھ دو ریاستی حل کی بنیادوں کو نقصان پہنچانے والے یکطرفہ اقدامات کی مزاحمت کرنی چاہئے۔ چین جلد از جلد جنگ کی صورتحال میں ٹھہراو لانے ، خطے میں امن بحال کرنے اور مسئلہ فلسطین کے جامع، منصفانہ اور دیرپا حل کے حصول کے لیے انتھک کوششیں جاری رکھے گا۔