News Views Events

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کا شنگھائی میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے چائنا میوزیم کا دورہ

0

شنگھائی :وزیر اعلی پنچاب مریم نواز حالیہ دنوں چین کے سرکاری دورے پر ہیں۔ اپنے دورے کے تیسرے دن انھوں نے اپنے وفد کے ہمراہ شنگھائی میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے چائنا میوزیم کا دورہ کیا، جہاں سی پی سی میوزیم حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ انہیں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے ارتقاء کے تاریخی سفر پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور انقلاب کی بصری تاریخ دکھائی گئی۔
انھوں نے سی پی سی میوزیم میں ڈیجیٹل ہسٹری کو سراہا اور سی پی سی میوزیم میں رکھی گئی ایک کتاب میں اپنے تاثرات ریکارڈ کیے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی تاریخ کا بصری مشاہدہ ایک غیر معمولی اور یادگار تجربہ ہے۔ چین نے دنیا کی تاریخ میں ایک غیر معمولی معجزہ تخلیق کیا ہے۔ کمیونسٹ پارٹی کے ارتقاء نے نہ صرف چین بلکہ پوری دنیا کو بدل کر رکھ دیا ہے۔ چین کے عروج سے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا مستفید ہو رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ چین کی ترقی اور خوشحالی ترقی پذیر ممالک کے لئے مثالی نمونہ ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سی پی سی کی پہلی نیشنل کانگریس کے مقام کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سی پی سی میوزیم چین اور شنگھائی کی تاریخ اور چینی کمیونسٹ پارٹی کے قیام کے واقعات کے بارے میں تاریخی حقائق کو مؤثر طریقے سے پیش کرتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.