وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی بیجنگ میں مصروفیات
بیجنگ: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بیجنگ میں اپنے قیام کے دوران اہم ملاقاتوں اور مقامات کے دوروں سمیت کئی ایم او یوز پر دستخطوں کا مشاہدہ کیا۔انہوں نے صوبہ پنجاب میں زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے چینی کمپنی اے آئی فورس ٹیک اور محکمہ زراعت پنجاب کے درمیان پنجاب میں روبوٹک زرعی آلات مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں کا مشاہدہ کیا۔
انہوں نے روبوٹک مشینری کا بغور مشاہدہ کیا اور کمپنی کو پنجاب میں جدید روبوٹک زرعی مشینری کی تیاری میں اپنی حکومت کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
مریم نواز شریف نے بلیو ٹیک کلین ایئر الائنس کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے متعلقہ حکام کے ساتھ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے فضائی آلودگی سے نمٹنے کے جدید ترین طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ محکمہ ماحولیات، حکومت پنجاب نے بلیو ٹیک کلین ایئر الائنس کے ساتھ پنجاب میں ماحولیات کی بہتری کے لئے تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہائی جیا میڈیکل ٹیکنالوجی کمپنی کے صدر ڈاکٹر لیو فلیانگ سے ملاقات کے دوران کہا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے پنجاب کے ہیلتھ کیئر سسٹم کو موثر اور مریض دوست بنانا چاہتی ہیں۔ انہوں نے ہائی جیا میڈیکل ٹیکنالوجی کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں کا مشاہدہ کیا اور کینسر کے علاج کے لئے چین میں استعمال ہونے والے مختلف طریقوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب کے صحت کے نظام کو ٹیکنالوجی پر مبنی نظام میں تبدیل کیا جائے گا۔
مریم نواز شریف نے بیجنگ شیجی تان اسپتال کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں علاج کے جدید طریقوں، تحقیق اور مریضوں کی دیکھ بھال کے نظام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔انہوں نے چین کے صحت کے نظام میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور اسپتال کے ڈاکٹروں اور عملے سے بات چیت کی۔ وزیراعلیٰ نے بیجنگ میونسپل کمیشن آف ٹرانسپورٹ کا بھی دورہ کیا اور پنجاب کے بڑے شہروں میں پائیدار نقل و حمل کے نظام کے لئے موثر ماحول دوست الیکٹرک وہیکل انفراسٹرکچر کے قیام پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے بیجنگ ٹرانسپورٹ سسٹم کے جدید ترین سینٹرل کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا اور ٹیکنالوجی کے جدید استعمال کے ساتھ اس کے سبز اور سمارٹ ٹرانسپورٹ سسٹم کی تعریف کی۔