News Views Events

فتح جنگ میں عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات جاری

0

 

فتح جنگ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن اور عوامی فلاح و بہبود کے عزم کے تحت، ڈپٹی کمشنر اٹک اور اسسٹنٹ کمشنر فتح جنگ حمیرہ شاہ کی خصوصی ہدایات پر فتح جنگ میں عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اسی سلسلے میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹ و تحصیلدار فتح جنگ چوہدری شفقت محمود نے عوامی شکایات پر کوہاٹ روڈ، کھوڑ روڈ، اور پنڈی روڈ پر ایک منظم اور مؤثر کارروائی کی، ناقص صفائی، غیر معیاری اشیاء کی فروخت اور گراں فروشی کے متعدد واقعات رپورٹ کیے گئے، ناقص صفائی پر ایک معروف ریسٹورنٹ کو 60 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا، جبکہ ایک بیکری کو 20 ہزار روپے جرمانے کی سزا دی گئی۔ خراب اور گلے سڑے گنے استعمال کرنے پر ایک جوس شاپ کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی گئی۔
مزید برآں، سبزی فروشوں اور چکن شاپس کو بھی جرمانے عائد اور وارننگ جاری کی، اس کارروائی کے دوران بازار میں موجود عوام نے چوہدری شفقت محمود اور انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ ایسی کارروائیاں نہ صرف گراں فروشی کو روکنے میں مددگار ثابت ہوں گی بلکہ بازاروں میں اشیائے خور و نوش کی معیار کو بھی بہتر بنائیں گی۔ چوہدری شفقت محمود نے اس موقع پر کہا کہ ان کارروائیوں کا مقصد عوام کو معیاری اشیائے خور و نوش کی فراہمی کو یقینی بنانا اور گراں فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کرنا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر معیاری اشیاء کی فروخت اور گراں فروشی کے واقعات کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں تاکہ بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔چوہدری شفقت محمود نے اعلان کیا ہے کہ بازاروں کی صفائی اور اشیاء کی معیار کو برقرار رکھنے کے لیے نگرانی کے عمل کو مزید سخت کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ شکایات کے ازالے کے لیے عوامی رابطہ نظام کو بہتر بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کی شکایات پر فوری کارروائی ممکن ہو۔
یہ اقدامات حکومت کے اس عزم کی عکاسی کرتے ہیں کہ عوام کو معیاری زندگی کی سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کی شکایات کا ازالہ فوری اور مؤثر انداز میں کیا جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.