اسرائیلی فوج کا غزہ کی پٹی میں”ہیومینیٹیرین زون ” پر فضائی حملوں کا اعتراف
اسرائیلی افواج نے کہا کہ اسرائیلی فضائیہ نے غزہ کی پٹی کے خان یونس میں "ہیومینیٹیرین زون ” میں حماس کے سینئر ارکان پر ٹارگیٹڈ حملے کیے۔ اسرائیلی افواج کا کہنا ہے کہ ان حملوں کے بعد ہونے والا ایک دھماکہ علاقے میں ہتھیاروں کی موجودگی کی نشاندہی کرتا ہے۔
اس سے قبل 4 دسمبر کو فلسطینی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے اس روز خان یونس میں بے گھر افراد کے خیمہ کیمپ پر بمباری کی جس میں 20 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
"مسلح تنازعات کا سب سے زیادہ شکار معصوم بچے ہیں،” چینی مندوب کا یوکرین کے بحران کے سیاسی حل پر زور
اقوام متحدہ :اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے یوکرین کے مسلے پر ایک اوپن سیشن منعقد کیا جس میں اس تنازع میں بچوں کے حالات زندگی پر توجہ مرکوز کی گئی۔اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل مندوب گینگ شوانگ نے کہا کہ مسلح تنازعات کا سب سے زیادہ شکار معصوم بچے ہوتے ہیں لہذا مسلح تنازعات میں بچوں کے تحفظ کا سب سے بنیادی طریقہ تنازعات کو ختم کرنا اور انہیں حل کرنا ہے۔
گینگ شوانگ نے کہا کہ یوکرین کے بحران کا حل آج تک تاخیر کا شکار ہے اور زمینی لڑائی تیزی سے شدید ہوتی جا رہی ہے جس سے کشیدگی اور توسیع کے خطرات لاحق ہیں۔ تنازعات کے علاقوں میں بہت سی بڑی بنیادی تنصیبات کو مختلف درجات تک نقصان پہنچا ہے اور پانی، بجلی، اور ہیٹنگ سسٹم سمیت دیگر بنیادی عوامی خدمات کی ضمانت دینا مشکل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جیسے جیسے درجہ حرارت کم ہو گا ، مقامی لوگ، خاص طور پر بچے اور بزرگ افراد ، جنگ اور شدید سردی کے دوہرے چیلنجوں کا سامنا کریں گے ۔ گینگ شوانگ نے ایک بار پھر تنازع کے فریقین سے مطالبہ کیا کہ وہ بین الاقوامی انسانی قانون کی سختی سے پابندی کریں، شہریوں اور بنیادی شہری تنصیبات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں، سلامتی کونسل کی قراردادوں کی پابندی کریں، اور مسلح تنازعات میں بچوں کے تحفظ کو مؤثر انداز میں یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ تنازع میں کمی ، جنگ کا خاتمہ اور پھر دیرپا امن کی بحالی ضروری ہے ۔